شہری کےنام سینکڑوں گاڑیاں ،لاکھوں روپے کے ای چالان پینڈنگ نکلے

0
9

لاہور میں ایک شہری کے سینکڑوں گاڑیوں اور رکشوں کا مالک ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جس پر لاکھوں روپے کے ای چالان جمع ہو گئے۔

ٹریفک پولیس لاہور کے مطابق مذکورہ شہری کے نام مجموعی طور پر 421 گاڑیوں، رکشوں اور موٹر سائیکلوں کی رجسٹریشن سامنے آئی ہے، جن کے خلاف ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر متعدد ای چالان جاری کیے گئے۔

حکام کے مطابق جدید مانیٹرنگ سسٹم اور ڈیٹا بیس کی مدد سے جب ریکارڈ چیک کیا گیا تو اس شہری کی مختلف گاڑیوں اور رکشوں پر 1526 ای چالان پینڈنگ پائے گئے، جن کی مجموعی مالیت 20 لاکھ 88 ہزار روپے سے زائد بنتی ہے۔

چیف ٹریفک آفیسر لاہور کے احکامات پر شہر بھر میں ای چالان نادہندگان کے خلاف کارروائی مزید سخت کر دی گئی ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں چالان جمع ہونا اور ان کی عدم ادائیگی قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے، جس پر کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی ویب سائٹ کے ذریعے اپنے ای چالان باقاعدگی سے چیک کریں اور بروقت ادائیگی کو یقینی بنائیں تاکہ کسی بھی قانونی کارروائی یا گاڑی کی ضبطگی سے بچا جا سکے۔

Leave a reply