پاکستان شاہینز کا ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کیلئے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان

0
6

پاکستان کرکٹ بورڈ نے قطر میں 19 سے 29 نومبر تک کھیلے جانے والے اے سی سی مینز ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز 2026 کے 50 اوورز ایڈیشن کے لیے پاکستان شاہینز کے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔
دفاعی چیمپیئن پاکستان شاہینز کی قیادت عبدالصمد کریں گے۔ شاہینز کو گروپ بی میں انڈیا اے، نیپال اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ ٹیم اپنی مہم کا آغاز 20 نومبر کو یو اے ای کے خلاف کرے گی، جبکہ 22 نومبر کو انڈیا اے اور 24 نومبر کو نیپال سے مقابلہ ہوگا۔
سیمی فائنلز 26 اور 27 نومبر کو کھیلے جائیں گے، جبکہ فائنل اتوار 29 نومبر کو ہوگا۔ شاہینز کے تمام میچز ڈے نائٹ ہیں اور ایڈن پارک انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے، سوائے پہلے میچ کے جو ڈے میچ ہے اور یونیورسٹی آف دوحہ گراؤنڈ میں ہوگا۔
کپتان صمد کے علاوہ حسن نواز، معاذ صداقت، حیدر علی، شہزیب خان، فرحان یوسف اور شمائل حسین بیٹنگ لائن کی مضبوط بنیاد ہیں، جبکہ روہیل نذیر کو وکٹ کیپر کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔
بائیں ہاتھ کے اسپنر آل راؤنڈر دانش عزیز، لیگ اسپنر سعد مسعود اور سفیان مقیم اسکواڈ کے اسپنرز ہیں۔ فاسٹ بولنگ کی قیادت محمد حسنین کریں گے، جن کے ساتھ گزشتہ ایڈیشن کے سپر اوور کے ہیرو احمد دانیال، بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر عاکف جاوید اور محمد عمران رندھاوا شامل ہیں۔
شاہینز نے 2023 میں سری لنکا میں کھیلے گئے آخری 50 اوورز ایڈیشن کے فائنل میں انڈیا اے کو 128 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل جیتا تھا۔ گزشتہ ایڈیشن، جو ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کھیلا گیا، اس میں شاہینز نے سنسنی خیز فائنل میں بنگلہ دیش اے کو سپر اوور میں ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔
پاکستان 2013 اور 2017 کے ابتدائی دو ایڈیشنز میں رنر اپ رہا، جبکہ 2019 میں چیمپیئن بنا۔ 2026 کے ایڈیشن میں گروپ اے میں افغانستان اے، بنگلہ دیش اے، ہانگ کانگ چائنا اور سری لنکا اے شامل ہیں۔
پاکستان شاہینز کا 15 رکنی اسکواڈ:
عبدالصمد (کپتان)، احمد دانیال، عاکف جاوید، دانش عزیز، فرحان یوسف، حیدر علی، حسن نواز، معاذ صداقت، محمد حسنین، محمد عمران رندھاوا، روحیل نذیر (وکٹ کیپر)، سعد مسعود، شاہزیب خان، شمائل حسین، سفیان مقیم

Leave a reply