راولپنڈی:پی ٹی آئی کااحتجاج:دفعہ 144نافذ،موبائل سروس معطل

0
12

راولپنڈی میں تحریک انصاف کےاحتجاج کےپیش نظر دفعہ 144نافذکردی گئی شہرمیں کنٹینرز لگا کر داخلی و خارجی راستوں کوبندکردیاگیاجبکہ موبائل سروس بھی جزوی طورپرمعطل رہےگی۔
راولپنڈی میں احتجاج کےباعث شہرسے50کلومیٹردورمری گھوڑاگلی کےمقام پرکنٹینرزاورٹرک لگاکرراستےکوبندکردیاگیا۔ مری موٹروے کو بھی عام ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا، سڑکوں کی بندش کے باعث مال گاڑیاں بھی پھنس گئیں جس سے کروڑوں روپے کا سامان خراب ہونے کا خدشہ ہے۔
راولپنڈی میں احتجاج کےپیش نظرلیاقت باغ کے گیٹ کو رکاوٹیں کھڑی کر کے اور خاردار تاریں لگا کر مکمل طور پرسیل کر دیا گیا ۔ کسی قسم کی ٹریفک شہر میں داخل نہیں ہو سکتی جب کہ راستے بند ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ پولیس کے ہزاروں اہل کار مختلف مقامات پر تعینات کردیے گئے ہیں۔جبکہ مری روڈ کے اطراف میں بھی کنٹینرز کھڑے کئے گئے ہیں، مری روڈ سے لیاقت باغ جانے والے راستے بھی کنٹینرز لگا کر بند کردیئے گئے۔
شہر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری تعینات ہے۔ لیاقت باغ مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے اور شہر بھر میں دفعہ 144 نافذ  کردی گئی ہے، جس کے تحت کسی بھی قسم کے جلسے ، اجتماع یا دھرنے کے علاوہ اسلحہ کی نمائش پر بھی پابندی ہوگی۔د ریں اثنا میٹرو بس سروس بھی جزوی طور پر معطل کر دی گئی ہے۔
لیاقت روڈ پر ناشتہ شاپس اور تنور بھی بند ہیں۔ پولیس کے ساتھ آنسو گیس کے بھاری شیلز سے لیس اہلکار بھی تعینات کردیے گئے ہیں۔ میٹرو بس اسٹیشنوں پر بھی پولیس تعینات کردی گئی ہے اور میٹرو بس سروس مکمل بند کی جا چکی ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ مری روڈ کو فیض آباد کے مقام پر کنٹینر رکھ کر بلاک کردیا گیا، ملازمین اور کاروباری افراد کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ راولپنڈی میں آج موبائل سروس بھی جزوی طور پر بند رکھی جائے گی۔
پی ٹی آئی کے ممکنہ احتجاج کے باعث راولپنڈی صدر سٹیشن تا آئی جے پی سٹیشن تک میٹروبس سروس مکمل طور پر بند رہے گی جبکہ اسلام آباد کی حدود میں آئی جے پی سٹیشن سے پاک سیکرٹریٹ تک میٹرو بس سروس فعال رہے گی۔
مری سے اسلام آباد جانے والے راستوں کی بندش کے باعث شہری مری میں محصور ہوکر رہ گئے، مری ٹریفک پولیس کی جانب سے شہریوں کو متبادل راستے بھی فراہم نہ کیے جا سکے جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

Leave a reply