صحت اچھی اورتعلیم اچھی پروگرام کےتحت وزیراعلیٰ مریم نوازنےپنجاب میں ملک کےپہلےاورسب سے بڑےسکول نیوٹریشن پروگرام کا افتتاح کردیا ۔
وزیراعلیٰ مریم نوازکی ڈیرہ غازی خان گورنمنٹ پرائمری سکول ایم سی ون آمد، وزیراعلیٰ مریم نوازنے پنجاب میں ملک کے پہلے او رسب سے بڑے سکول نیوٹریشن پروگرام کا افتتاح کیا۔
وزیراعلی مریم نوازنے ڈیرہ غازی خان گورنمنٹ پرائمری سکول کی ہر کلاس میں جا کر بچوں کو دودھ کے پیک دئیے ، مریم نواز نے طلبہ کی نشستوں پر جاکر دودھ کے ڈبے پیش کئے، وزیر اعلیٰ نے بچوں کو دودھ کے پیکٹ خود کھول کر دیئے اور نگرانی میں ختم کرایا، مریم نواز نے طلبہ سے ان کے نام پوچھے اور تعریف کی ۔
وزیراعلیٰ مریم نواز سکول کے طلبہ کے درمیان جا کر بیٹھ گئیں، طلبہ نےاظہار مسرت کیا، مریم نواز نے بچوں سے ان کی صحت اور تعلیم کے بارے میں دریافت کیا،وزیراعلیٰ نے بچوں سے پڑھائی میں درپیش مسائل کے بارے میں بھی پوچھا ، مریم نواز کے دریافت کرنے پر اداس بیٹھے طالب علم نے والد کی بے روزگار ی کے بارے میں بتایا ،وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ننھے طالب علم کے والد کو روزگار کی فراہمی کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازکوصوبائی وزیرتعلیم راناسکندرحیات نےبریفنگ دی۔
”چیف منسٹر سکول نیوٹریشن پروگرام“کے پائلٹ پراجیکٹ کا جنوبی پنجاب کے تین اضلاع سے آغاز ہوا،ڈیرہ غازی خان، راجن پور او رمظفر گڑھ کے پرائمری سکول نیوٹریشن پائلٹ پراجیکٹ میں شامل ہیں۔غذائی قلت کے شکار 4لاکھ سے زائد طلبہ کو غذائیت سے بھرپور دودھ کا پیک دیاجائے گا۔
ڈیرہ غازی خان، راجن پور او رمظفر گڑھ کے 3ہزار 527سکولوں کے طلبہ کو روزانہ 175ملی لیٹر دودھ کا پیک ملے گا، بچے دودھ کا خالی پیک سکول میں جمع کرائیں گے ،خالی رئیپز کی ری سائیکلنگ سے ہونے والی آمدن متعلقہ سکول پر ہی خرچ کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازنے طلبہ کے ہمراہ فوٹو بنوایا اور آٹو گراف دئیے ۔
سینئرصوبائی وزیرمریم اورنگزیب،صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمی زاہد بخاری، صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات، ایم پی اے ثانیہ عاشق، نوشین عدنان ،شیر علی گورچانی ،معاون خصوصی ذیشان ملک،چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان،سیکرٹری سکولز،کمشنر،آر پی او اوردیگر حکام بھی موجود تھے۔
Copyright Pakistan Today. All Rights Reserved. Developed By: ATRG World ©