طوفانی آندھی کے جھونکے نے نوجوان کو شادی ہال سے کھیت تک پہنچا دیا

0
2

بھارت میں شدید طوفانی موسم کے دوران ایک حیران کن واقعہ پیش آیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اتر پردیش کے مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ شدید بارش، آسمانی بجلی اور طاقتور ہواؤں کے باعث کم از کم 89 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ بڑے پیمانے پر تباہی بھی رپورٹ ہوئی ہے۔

اسی دوران ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک نوجوان طوفانی ہواؤں میں ہوا کے جھونکوں سے بلند ہو کر دور جا گرتا ہے۔ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ نوجوان تقریباً 300 میٹر تک ہوا میں معلق رہا اور بعد ازاں ایک کھیت میں جا گرا، جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا۔

پولیس کے مطابق بھامورا علاقے کے گاؤں ببیانہ کا رہائشی ننھے میاں شادی ہال میں پناہ لیے ہوئے تھا جب اچانک طوفان شدت اختیار کر گیا۔ بچنے کی کوشش میں اس نے مبینہ طور پر شیڈ کو پکڑا، تاہم تیز ہواؤں نے شیڈ کو اکھاڑ دیا اور اسے دور جا پھینکا۔

رپورٹ کے مطابق متاثرہ نوجوان اس وقت زیرِ علاج ہے۔ حکام نے بتایا کہ طوفان سے مجموعی طور پر 53 افراد زخمی ہوئے جبکہ 114 جانور بھی ہلاک ہوئے، اور متعدد علاقوں میں گھروں اور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا۔

Leave a reply