63اےتشریح:چیف جسٹس نےپی ٹی آئی وکیل کومشورہ دیدیا

0
11

آرٹیکل 63اےتشریح کی سماعت کےدوران پی ٹی آئی کےوکیل علی ظفر نے کہا کہ میں پہلےایک بیان دےدوں۔جس پرچیف جسٹس نےجو اب میں نےکہاکہ عدالت میں بیان نہیں گزارشات سنتےہیں،بیان ساتھ والی عمارت پارلیمنٹ میں جا کر دیں۔
سپریم کورٹ میں آرٹیکل 63 اے کی تشریح کے فیصلے کے خلاف نظرثانی درخواست پر سماعت ہوئی،نظرثانی درخواست کی سماعت چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجربینچ نےکی۔ بینچ میں جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس نعیم اختر افغان، جسٹس امین الدین اور جسٹس مظہر عالم شامل ہیں۔
تحریک انصاف کی طرف سے وکیل طیب مصطفٰین کاظمی اوربیرسٹرعلی ظفرعدالت میں پیش ہوئےپیپلزپارٹی کی جانب سےوکیل فاروق ایچ نائیک جبکہ صدر سپریم کورٹ بار شہزاد شوکت عدالت میں پیش ہوئے۔
صدرسپریم کورٹ بارکےدلائل:
شہزادشوکت نےدلائل میں کہاکہ سماعت میں 63 اے کے تفصیلی فیصلے سے متعلق رجسٹرار کی رپورٹ پیش کی گئی جس میں بتایا گیا کہ تفصیلی فیصلہ 14 اکتوبر 2022ء کو جاری ہوا۔ تفصیلی فیصلے کے انتظار میں نظرثانی دائر کرنے میں تاخیر ہوئی۔
جسٹس جمال خان مندوخیل نےریمارکس دئیےکہ عام بندے کا کیس ہوتا تو بات اور تھی کیا سپریم کورٹ بار کو بھی پتا نہیں تھا نظرثانی کتنی مدت میں دائر ہوتی ہے؟
صدرسپریم کورٹ با رشہزاد شوکت نے کہا کہ مفادِعامہ کے مقدمات میں نظرثانی کی تاخیر کو نظر انداز کیا جاسکتا ہے، مفادِعامہ کے مقدمات کو جلد مقرر بھی کیا جاسکتا ہے، نظرثانی دو سال سے سماعت کے لیے مقرر نہیں ہوئی تھی۔
پی ٹی آئی کےوکیل علی ظفرنےدلائل کےآغازمیں کہاکہ نظرثانی درخواست تاخیر سے دائر ہوئی جس کے باعث مقرر نہیں ہوئی، میں پہلے ایک بیان دے دوں۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نےریمارکس دئیےکہ عدالت میں بیان نہیں گزارشات سنتے ہیں، بیان ساتھ والی عمارت پارلیمنٹ میں جا کر دیں، آپ بتائیں نظرثانی فیصلے کے خلاف ہوتی ہے یا اس کی وجوہات کے خلاف ہوتی ہے؟
بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ کل کے دلائل بہت میٹھے تھے، چیف جسٹس نے مسکراہٹ کے ساتھ جواب دیا کہ آج کے دلائل کل سے بھی زیادہ میٹھے ہوں گے۔
جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ یعنی آپ کو کل کے دلائل پسند آئے تھے؟ جسٹس نعیم افغان نے لقمہ دیا کہ شیریں اور تلخ کی ملاوٹ سے ہی ذائقہ بنتاہے۔
وکیل علی ظفر نے کہا کہ میں بتانا چاہتاہوں کہ آج میں تلخ دلائل دوں گا، میں نے درخواست دائر کی لیکن سپریم کورٹ کے آفس نے منظور نہیں کی۔
چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے کہا کہ آپ ہمیں درخواست کا بتا دیں، آپ نے صبح دائر کی ہوگی۔
بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ مجھے دلائل دینے کے لیے وقت درکار ہے، مجھے بانی پی ٹی آئی سے کیس پر مشاورت کرنی ہے، وہ سابق وزیراعظم ہیں اور درخواست گزار بھی ہیں اور انہیں آئین کی سمجھ بوجھ ہے انہیں معلوم ہے کہاکیا کہنا ہے اس لیے مجھے اجازت دیں کہ عمران خان سے اس معاملے پر مشاورت کرلوں۔
چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نےکہاکہ آپ دلائل اپنے شروع کریں۔ بیرسٹرعلی ظفر نے کہا کہ یعنی آپ میری بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی درخواست کو مسترد کر رہے ہیں؟جس پرجسٹس نعیم افغان نے کہا کہ آپ کل بھی ملاقات کرسکتےتھے، علی ظفر نے کہا کہ وہ جیل میں ہیں۔
چیف جسٹس نے کہا کہ آپ کو مشاورت کرنی تھی تو کل بتاتے عدالت کوئی حکم جاری کردیتی، ماضی میں ویڈیو لنک پر بانی پی ٹی آئی کو بلایاتھا، وکلا کی ملاقات بھی کروائی تھی۔
پی ٹی آئی وکیل طیب مصطفٰین کاظمی نےسماعت کےدوران پانچ رکنی لارجر بنچ کو دھمکی دے دی۔ طیب مصطفین کاظمی نے کہا کہ باہر پانچ سو وکیل کھڑے ہیں میں دیکھتا ہوں پی ٹی آئی کے خلاف یہ بنچ کیسے فیصلہ دیتا ہے؟
چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے کہا کہ کیا ملکی اداروں کو اس طرح دھمکا کر چلانا چاہتے ہیں؟ میرا قصور صرف یہ ہے کہ میں نے ہمیشہ برداشت کا مظاہرہ کیا، میری عدم برداشت کی ایسی تربیت ہی نہیں ہے، سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے کتنے اراکین پارلیمنٹ کو جیل بھیجا ذرا بتائیں، کوئی جتنا مرضی برا بھلا کہتا رہے ہم کیس چلائیں گے۔
طیب مصطفین کاظمی نے کہا کہ پی ٹی آئی اس کیس کی متاثرہ ہے، یہ عدالتی بنچ درست نہیں ہے۔
چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نےبرہمی کااظہارکرتےہوئےحکم دیا کہ پولیس والوں کو بلایا جائے اس پر وکیل نے کہا کہ بلائیں پولیس کو آپ کا کام ہی یہی ہے۔
چیف جسٹس بولے کہ ہم اپنی توہین برداشت نہیں کریں گے۔ جسٹس مظہر عالم میاں نے کہا کہ عدالت میں کھڑے ہو کر سیاسی باتیں نہ کریں، جب کہ وکیل طیب مصطفین کاظمی کمرہ عدالت سے باہر چلے گئے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ اب دیکھیے گا کچھ یوٹیوبرز بھی ساتھ باہر جائیں گے اور پھر تبصرے ہوں گے لگتا ہے عدالت میں جو ہوا مقصد پورا ہوگیا۔
جسٹس جمال نے کہا کہ یہ ٹرینڈ بن چکا ہے فیصلہ پسند نہ ہو تو عدالتی بنچ پر ہی انگلیاں اٹھانا شروع کر دو، ہم یہاں عزت کیلئے بیٹھے ہیں یہ کوئی طریقہ نہیں ہے جس کے دل میں جو آتا ہے کہتا چلا جاتا ہے ہم پیسوں کے لیے جج نہیں بنے، آپ کو پتا ہے جتنی جج کی تنخواہ بنتی ہے اتنا تو وکیل ٹیکس دے دیتا ہے آئینی اداروں کو دھمکیاں لگانے کا سلسلہ بند کریں۔
جسٹس جمال نے ریمارکس دئیےکہ کہا جاتا ہے عدلیہ میں دو گروپ بنے ہوئے ہیں کیا ہم قومی اسمبلی یا سینیٹ کے ممبران ہیں جو گروپنگ کریں گے؟ اگر کوئی جاہل یا ان پڑھ ایسی بات کرے تو سمجھ بھی آتا ہے یہ جو شخص یہاں آیا تھا میں نے اسے سپریم کورٹ میں اس سے پہلے کبھی نہیں دیکھا، یہ شخص شکل سے تو خاندانی لگ رہا تھا، کیا یہ اپنے بزرگوں کو بھی ایسے ہی کہتا ہوگا؟ ہم اپنی نوجوان نسل کو کس طرف لے کر جا رہے ہیں؟ چند لوگ ملک یا اداروں میں ہیں جو چاہتے ہیں پاکستان اسی طرح چلایا جائے جو ہمدردی تھی وہ بھی شاید آپ کو اب نہ ملے۔
پی ٹی آئی وکیل علی ظفرکابینچ کی تشکیل پراعتراض:
چیف جسٹس نے بیرسٹر علی ظفر کو دلائل جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ علی ظفر نے کہا کہ اس کیس میں ہمیں کوئی نوٹس تک نہیں دیا گیا، کل عدالت نے جو طریقہ اپنایا وہ غیر قانونی ہے، ایک ہی دن سب کو اکٹھا کر کے کہہ دیا کہ کون کون نظر ثانی کی حمایت کرتا ہے؟ اس کیس میں فریقین کو نوٹس جاری کرنا ضروری تھا۔ بیرسٹر علی ظفر نے بینچ پر اعتراض کیا کہ یہ بینچ قانونی نہیں ہے یہ بینچ ترمیمی آرڈیننس کے مطابق بھی درست نہیں اب میرے دلائل سخت ہوں گے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ آپ کے لہجے میں آج تک تلخی نہیں دیکھی۔ علی ظفر نے کہا کہ پریکٹس اینڈ پروسیجر کیس میں یہ عدالت فیصلہ دے چکی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ آپ کی جماعت نے اس ایکٹ کی مخالفت کی تھی۔ علی ظفر نے کہا کہ دلائل میں کسی نے کیا کہا وہ اہم نہیں آپ کا فیصلہ اہم ہے۔
جسٹس جمال نے کہا کہ آپ کی جماعت کل پارلیمنٹ میں موجودہ آرڈیننس کو ختم کرنے کا بل لاسکتی ہے، کل آپ کی جماعت ایسا قانون بنا دے تو کیا میں کہہ سکتا ہوں یہ ججز کی پسند یا ناپسند کی بات نہیں، قانون معطل تھا۔

بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ جسٹس منصور نے آپ کا حوالہ بھی دیا جب آپ سینئر جج تھے، آپ بھی ایک عرصے تک چیمبر ورک پر چلے گئے تھے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ میرے اعمال میں شفافیت تھی سمجھتا تھا قانون کو بل کی سطح معطل نہیں ہونا چاہیے، کیا ہم فل کورٹ میٹنگ بلا کر ایک قانون کو ختم کر سکتے ہیں؟ کل میں میٹنگ میں بیٹھنا چھوڑ دوں تو کیا سپریم کورٹ بند ہو جائے گی؟
جسٹس جمال مندو خیل نے کہا کہ کل میرے کزن نے مجھے کہا سپریم کورٹ تو برباد ہو گئی ہے، میں نے پوچھا کیا وجہ ہے؟ کزن نے کہا پریکٹس اینڈ پروسیجر کی وجہ سے سپریم کورٹ برباد ہوئی، میں نے کزن سے پوچھا کیا آپ نے پریکٹس اینڈ پروسیجر پڑھا ہے، اس نے کہا نہیں، ہم لوگوں کو قانون پڑھا نہیں سکتے، صرف ضمیر کے مطابق قانون کے تحت فیصلے کرسکتے ہیں۔
علی ظفر نے کہا کہ جسٹس منیب 30 ستمبر کو بینچ کا حصہ نہیں بنے جسٹس منیب کی غیر موجودگی میں بینچ کو بیٹھنا نہیں چاہیے تھا جو 4 رکنی بینچ 30 ستمبر کو بیٹھا وہ بینچ کسی نے تشکیل دیا ہی نہیں تھا۔
چیف جسٹس نے کہا کہ علی ظفر صاحب آپ ججز کا انتخاب خود نہیں کرسکتے ایسا طرز عمل تباہ کن ہے، کیا ماضی میں یہاں سینیارٹی پر بینچ بنتے رہے؟ آپ نے بار کی جانب سے کبھی شفافیت کی کوشش کیوں نہ کی؟ 63 اے پر آپ کا ریفرنس آیا، فوری سنا گیا، اُس وقت 10 سال پرانا بھٹو ریفرنس زیر التوا تھا، بابر اعوان دونوں ریفرنسز میں بطور وکیل پیش ہوئے، شفافیت کا تقاضا تھا بابر اعوان پہلے دن کہتے پہلے پرانا ریفرنس سنیں۔
پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ پہلے یہ فیصلہ کیا جائے کہ یہ بینچ قانونی ہے پہلے یہ طے ہوجائے پھر میں دلائل دوں گا۔
پی ٹی آئی کا اعتراض مسترد:
چیف جسٹس نے بینچ کی تشکیل پر اعتراض مسترد کردیا اور کہا کہ آپ نے کہا فیصلہ سنادیں تو ہم نے سنا دیا ہم سب کا مشترکہ فیصلہ ہے بینچ کے اعتراض کو مسترد کرتے ہیں۔
بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ بینچ تشکیل دینے والی کمیٹی کے ممبران بینچ کا حصہ ہیں، وہ خود کیسے بینچ کی تشکیل کو قانونی قرار دے سکتے ہیں؟
چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نےریمارکس دئیےکہ اگر ایسا ہو تو ججز کمیٹی کے ممبران کسی بینچ کا حصہ ہی نہ بن سکیں، آپ ہمیں باتیں سناتے ہیں تو پھر سنیں بھی، ہم پاکستان بنانے والوں میں سے ہیں توڑنے والوں میں سے نہیں، ہم نے وہ مقدمات بھی سنے جو کوئی سننا نہیں چاہتا تھا، پرویز مشرف کا کیس بھی ہم نے سنا۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے پی ٹی آئی کے وکیل علی ظفر سے کہا کہ آپ نے بہت کوشش کی ہم ناراض ہو جائیں ہم کم از کم آپ سے ناراض نہیں ہوں گے۔
پیپلزپارٹی کےوکیل فاروق ایچ نائیک کےدلائل:
فاروق ایچ نائیک نےکہاکہ ویسے جس انداز میں آج دلائل دیے گئے میری رائے مزید پختہ ہوچکی کہ ملک میں آئینی عدالت بننی چاہیے۔
چیف جسٹس پاکستان نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ میں اس پر کچھ نہیں کہوں گا۔
چیف جسٹس نے بیرسٹر علی ظفر کو عمران خان سے ملنے کی اجازت دی اور کہا کہ وہ اس وقت سے لے کر صبح دس بجے تک جب چاہیں ملاقات کرسکتے ہیں، کوئی مسئلہ ہو تو علی ظفر ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے فون پر فوری رابطہ کریں۔
چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نےکہاکہ عدلیہ میں شفافیت آچکی آمرانہ دور گزر چکا اور آمرانہ دور کو سپورٹ کرنے والا دور بھی گزرچکا۔اب نہ اداروں میں آمرانہ دور آئے گا اور نہ ملک میں۔
عدالت نےکیس کی مزیدسماعت کل تک ملتوی کردی۔

Leave a reply