گھروں کی تعمیر کے لیے جدید روبوٹ ٹیکنالوجی متعارف

اب گھروں کی تعمیر روبوٹ کریں گے ۔ گھروں کی تعمیر کے لیے جدید روبوٹ ٹیکنالوجی متعارف ، متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی نے تعمیراتی شعبے میں ایک اور انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے گھروں کی تعمیر کے لیے جدید روبوٹ ٹیکنالوجی متعارف کرا دی ہے۔
دبئی میونسپلٹی کے مطابق شہر میں دنیا کا پہلا ایسا رہائشی ویلا تعمیر کیا جائے گا، جو مکمل طور پر روبوٹک نظام کے ذریعے بنایا جائے گا، اس مقصد کے لیے خصوصی طور پر تیار کیے گئے روبوٹس تعمیر کے مختلف مراحل، بشمول ڈھانچے کی تیاری اور دیگر بنیادی کام، خودکار انداز میں انجام دیں گے۔ یہ منصوبہ تعمیراتی شعبے میں جدید روبوٹ ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کا عملی مظہر ہوگا۔
منصوبے میں 25 سے زائد مقامی اور بین الاقوامی ادارے شامل ہیں، جو اپنی مہارت اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے اس منصوبے کو کامیاب بنانے میں کردار ادا کریں گے۔اس منصوبے کا بنیادی مقصد تعمیراتی عمل کو زیادہ تیز، محفوظ اور مؤثر بنانا ہے، جبکہ یہ بھی جانچا جائے گا کہ روبوٹس روزمرہ تعمیراتی سرگرمیوں میں کس حد تک کامیابی سے کام کر سکتے ہیں۔
اگر یہ تجربہ کامیاب ثابت ہوا، تو مستقبل میں دبئی سمیت دیگر ممالک میں گھروں اور تجارتی عمارتوں کی تعمیر کے لیے روبوٹک ٹیکنالوجی کو وسیع پیمانے پر اپنایا جا سکتا ہے، جو تعمیراتی دنیا میں ایک اہم پیشرفت ہو گی۔















