لاہور میں بسنت کی بازگشت : بسنتی گانوں کی نئی بہار چھا گئی

لاہور میں بسنت کی بازگشت ، پاکستان کےمشہور گلوکاروں کے بسنتی گانوں کی نئی بہار چھا گئی۔
لاہور میں تقریباً 25 سال بعد بسنت کی رسمی واپسی کی خوشی میں گلوکارہ فریحہ پرویز کے ہٹ بسنتی گیت ’’پتنگ باز سجنا‘‘ اور’’ دل ہوا بو کاٹا‘‘ وائرل ہو گئے۔بلاشبہ یہ گانے بسنت کی پتنگ بازی، محبت کی ڈور اور بہار کی ہواؤں کو خوبصورت انداز میں بیان کرتے ہیں۔
بسنت کے شائقین کیلئے فریحہ پرویز کا بسنتی گانا’’پتنگ باز سجنا ‘‘ آج بھی نمبر ون انتخاب ہے۔ یہ ایک ایسا گانا ہے، جو ہر’’ بو کاٹا‘‘ پر بسنت منانے والوں کو جھومنے پر مجبور کر دیتا ہے۔
فریحہ پرویز کے یہ گانے 90 کی دہائی سے بسنت کا لازمی حصہ رہے ہیں۔ اور آج بھی نئی نسل انہیں برابر پسند کر رہی ہے۔ بسنت کی واپسی پر شائقین کا کہنا ہے کہ فریحہ پرویز کے یہ گانے ہی بسنت کی اصل روح ہیں۔
بسنت سےقبل گلوکارہ سمن شیخ کا نیا گانا’’بسنت بھنگڑا2026‘‘ بھی ریلیز ہوگیا ہے۔ لاہور میں بسنت کے موسم کی آمد کے ساتھ ہی پنجابی موسیقی میں زبردست اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔سمن شیخ کا یہ گانا روایتی بھنگڑے، ڈھول کی تھاپ اور بسنت کی رنگینیوں سے بھرپور ہے۔اس گانے کے بول علی حمزہ نے لکھے ہیں،جبکہ موسیقی بلال واجد نے ترتیب دی ہےاور ویڈیو کو نیالش جے نے ڈائریکٹ کیا ہے۔
گلوکار مظہر راہی، اُم لیلیٰ شمسی اور ممتاز علی کا نیا گانا ’’ آؤ اڈیائیے گڈیاں‘‘نےبھی دھوم مچادی۔اس بسنتی رنگ سے رنگے گانے کی شاعری اور کمپوزیشن مظہر راہی نے لکھی اور ترتیب دی ہے، جبکہ گانے کی ویڈیو میں انمول نور نے بطورِ ماڈل کام کیا ہے۔ گانے کی ویڈیو سلیم خان نے ڈائریکٹ کی ہے۔ گانے کو منفرد انداز سے شوٹ کیاگیا ہے اور بسنت کا تہوار منانےکے حوالے سے پتنگیں اور گڈیاں بھی دکھائی گئی ہیں۔















