صارفین کی مشکل آسان:واٹس ایپ ویب پر نئے فیچر متعارف

0
6

صارفین کی بڑی مشکل آسان،واٹس ایپ ویب پر نئے فیچر متعارف،میٹا کے مقبول میسجنگ پلیٹ فارم واٹس ایپ نے اپنے ویب ورژن میں ایک طویل انتظار کے بعد وائس اور ویڈیو کالنگ کی سہولت متعارف کروا دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ویب صارفین اب تک صرف میسجز بھیج اور وصول کر سکتے تھے، لیکن ویب براؤزر سے براہِ راست کال کرنا ممکن نہیں تھا۔ نئی اپ ڈیٹ کے بعد صارفین اب بغیر کسی علیحدہ ڈیسک ٹاپ ایپ کے انفرادی چیٹس میں براہِ راست وائس اور ویڈیو کال شروع کر سکتے ہیں ۔
میٹا کے مطابق ویب پر کی جانیوالی کالز اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ ہوں گی، یعنی صرف کال کرنیوالے اور وصول کرنے والے ہی بات سن سکتے ہیں اور واٹس ایپ یا کوئی تیسرا فریق اس میں مداخلت نہیں کر سکتا۔اس نئے فیچر میں سکرین شیئرنگ جیسے اضافی آپشنز بھی شامل ہیں، جو پیشکش یا ملاقات کے دوران اپنی سکرین دوسرے فرد کے ساتھ شیئر کرنے کی سہولت فراہم کرتے ہیں۔
ابتدائی مرحلے میں یہ فیچر ایک سےایک کالز کیلئے ہے، لیکن مستقبل میں ویب پر گروپ کالز کی سپورٹ بھی متوقع ہے، جس میں 32 افراد تک شریک ہو سکیں گے۔فی الحال یہ فیچر واٹس ایپ ویب بیٹا پروگرام کے صارفین کیلئے دستیاب ہےاور جلد ہی اسے تمام صارفین کیلئے ریلیز کیا جائے گا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اپ ڈیٹ ویب صارفین کیلئے واٹس ایپ کو مزید سہل اور موبائل کے بغیر بھی مکمل استعمال کے قابل بنا دے گی۔

Leave a reply