سکولوں میں مارننگ اسمبلی تاحکم ِثانی ختم، سکیورٹی بڑھانے کی ہدایات

تعلیم کے فروغ اور طلبا کے تحفظ کیلئے اقدامات،پنجاب بھر کے سکولوں میں مارننگ اسمبلی تاحکم ثانی ختم کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔
ڈی پی آئی سیکنڈری ایجوکیشن سکولز پنجاب نے صوبے بھر کے سکولوں کیلئے اہم سکیورٹی ہدایات جاری کرتے ہوئے مارننگ اسمبلی تا حکمِ ثانی معطل کرنے کا اعلان کر دیا۔
اس حوالے سےجاری کردہ مراسلے کے مطابق پنجاب بھر کے تمام سرکاری و نجی سکولوں میں سکیورٹی انتظامات مزید سخت کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ تمام سکولوں میں نصب سی سی ٹی وی کیمرے فوری طور پر فعال (فنکشنل) کیے جائیں اور ان کی مسلسل مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے۔
محکمہ تعلیم کے حکام نے ہر استاد کیلئے اینڈرائیڈ موبائل فون پر پنجاب سیف سٹی ایپ ڈاؤن لوڈ کرنا لازمی قرار دیدیا ہے، تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اطلاع دی جا سکے۔سکولوں کے مین گیٹس اوقاتِ کار کے دوران بند رکھے جائیں اور غیر متعلقہ افراد کے داخلے پر سختی سے پابندی عائد ہو گی، مزید برآں تمام تعلیمی اداروں میں ایمرجنسی ڈرلز کروانے اور طلبا و عملے کو ایگزٹ پوائنٹس سے مکمل آگہی فراہم کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
ڈی پی آئی سیکنڈری ایجوکیشن کی جانب سے ہائی سکول طلبا کو کسی بھی قسم کے احتجاج میں شرکت سے روکنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ان احکامات پر عملدرآمد کی روزانہ کی بنیاد پر رپورٹس بمعہ تصاویر متعلقہ حکام کو ارسال کی جائیں گی ،تاکہ سکیورٹی صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا سکے۔















