کفایت شعاری پالیسی :سندھ میں مارکیٹس اور ریسٹورنٹس کے نئے اوقات کار نافذ

0
5

حکومتِ سندھ نے کفایت شعاری پالیسی کے تحت صوبے بھر میں مارکیٹس، دکانوں، ریسٹورنٹس اور شادی ہالز کے نئے اوقات کار نافذ کر دیے ہیں، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈویژنل ہیڈکوارٹرز کے علاوہ تمام اضلاع میں دکانیں، مارکیٹس اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بند ہوں گے، جبکہ ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں کاروباری سرگرمیاں رات 9 بجے تک جاری رہ سکیں گی۔ یہ احکامات ہفتے کے ساتوں دن نافذ العمل ہوں گے۔حکومت نے تنور، دودھ و ڈیری شاپس، بیکریز، میڈیکل اسٹورز، لیبارٹریز، کلینکس، ہسپتالوں اور پیٹرول پمپس کو ان پابندیوں سے مستثنیٰ قرار دیا ہے۔
ریسٹورنٹس، ہوٹلز اور فوڈ آؤٹ لیٹس کو صرف شام 7 بجے سے رات 11:30 بجے تک کھلے رکھنے کی اجازت دی گئی ہے، تاہم ہوم ڈیلیوری اور ٹیک اوے سروسز پر کوئی پابندی نہیں ہوگی۔
اسی طرح شادی ہالز اور بینکوئٹس کو رات 8 بجے سے آدھی رات تک تقریبات منعقد کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔حکومتِ سندھ نے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ سندھ پولیس کے تعاون سے ان احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔

Leave a reply