بھارت: 21 سال تک بہار کے وزیر اعلیٰ رہنے والے نتیش کمار عہدے سے مستعفی

بھارتی ریاست بہار کے طویل عرصے تک وزیر اعلیٰ رہنے والے سینئر سیاستدان نتیش کمار نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نتیش کمار نے آج ہی وزارتِ اعلیٰ کا چارج چھوڑنے کا فیصلہ کیا اور صبح کے وقت انہوں نے ریاستی کابینہ کے آخری اجلاس کی صدارت بھی کی، جس میں کابینہ اراکین کو کونسل آف منسٹرز کی تحلیل سے آگاہ کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق نتیش کمار نے اپنا استعفیٰ ریاستی گورنر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عطاء حسین کو پیش کیا، جسے منظور کر لیا گیا ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق 21 سال تک وزیر اعلیٰ رہنے والے نتیش کمار اپنی جماعت کی قانون ساز پارٹی کے اجلاس میں شرکت کریں گے، جس کے بعد وہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے اتحادی اتحاد این ڈی اے کے اجلاس میں بھی شریک ہوں گے، جہاں نئے وزیر اعلیٰ کے نام پر مشاورت کی جائے گی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بہار کے نئے وزیر اعلیٰ کے لیے بھارتیہ جنتا پارٹی کے کئی رہنماؤں کے نام زیر غور ہیں، اور پورے بھارت کی نظریں اس فیصلے پر مرکوز ہیں۔
رپورٹس میں یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ امکان ہے کہ بہار میں پہلی بار بی جے پی اپنا وزیر اعلیٰ لائے گی، جبکہ نئی حکومت کی حلف برداری کی تقریب میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی شرکت بھی متوقع ہے۔















