
بین الاقوامی فضائی صنعت میں جیٹ فیول کی ممکنہ قلت کے باعث پروازوں کی منسوخی اور کرایوں میں اضافے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (آئی اے ٹی اے) نے خبردار کیا ہے کہ ایشیا میں جیٹ فیول کی سپلائی میں کمی اور قیمتوں میں اضافہ فضائی سفر کو متاثر کر سکتا ہے۔
تنظیم کے مطابق ایندھن کی قلت کا اثر صرف ایشیا تک محدود نہیں رہے گا بلکہ یورپ، افریقہ اور لاطینی امریکا کے خطے بھی اس سے متاثر ہو سکتے ہیں۔
آئی اے ٹی اے کا کہنا ہے کہ موسم گرما کے دوران ایندھن کی طلب میں اضافہ صورتحال کو مزید سنگین بنا سکتا ہے۔
آئی اے ٹی اے کے چیف ولی والش نے کہا ہے کہ ایئرلائنز کے لیے ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتیں برداشت کرنا مشکل ہو رہا ہے، اور اس اضافے کا بوجھ بالآخر مسافروں کو برداشت کرنا پڑے گا۔
رپورٹ کے مطابق ایشیا اور یورپ میں ممکنہ فیول راشننگ کے باعث کئی پروازیں منسوخ ہونے کا خطرہ بھی موجود ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ صورتحال کورونا وبا سے مختلف ہے، کیونکہ اس وقت فضائی سفر کی طلب برقرار ہے جبکہ اصل مسئلہ سپلائی اور قیمتوں کا دباؤ ہے۔















