جنگ بندی کے باوجود ایران الرٹ ،دفاعی تیاریاں مزید تیز کر دی گئیں،ترجمان ایران فوج

0
6

ایران کی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل محمد اکرمی نیا کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ایرانی فوج مکمل تیاری کی حالت میں ہے اور جنگ کو مکمل طور پر ختم نہیں سمجھا جا رہا۔
انہوں نے کہا کہ جنگ بندی یا خاموشی کے بعد بھی ایران نے اپنی دفاعی تیاریوں کو برقرار رکھا اور امریکا سمیت مخالف قوتوں پر عدم اعتماد کے باعث نئی عسکری حکمت عملی اور اہداف طے کیے گئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق جنگ سے پہلے انٹیلیجنس رپورٹس کی بنیاد پر تمام عسکری یونٹس کو ہائی الرٹ رکھا گیا تھا، اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے فوری ردعمل کی صلاحیت موجود تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ اصفہان میں مبینہ دراندازی کے دوران زمینی افواج نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دشمن کے بعض طیاروں کو نشانہ بنایا، جس سے اس کارروائی کو ناکام بنایا گیا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ جنگ کے دوران ایرانی فضائی دفاعی نظام نے بڑی تعداد میں ڈرونز اور لڑاکا طیاروں کو مار گرایا، جبکہ مختلف فضائی دفاعی یونٹس نے مربوط انداز میں کارروائیاں کیں۔
ترجمان کے مطابق ایرانی فضائیہ نے خطے میں موجود مختلف اہداف پر بھی کارروائیاں کیں اور بعض امریکی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ بحریہ نے بھی سمندری حدود میں دفاعی آپریشنز کیے اور غیر ملکی جنگی جہازوں کو قریب آنے سے روکا۔

Leave a reply