پی آئی اے انتظامیہ کو جھٹکا، عدالت نےریٹائرڈملازمین کیلئے پرانی پالیسی بحال کر دی

0
6

سند ھ ہائیکورٹ نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے ریٹائرڈ ملازمین کے لیے طبی سہولیات سے متعلق اہم فیصلہ سناتے ہوئے پرانا نظام بحال کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
عدالتی فیصلے کے مطابق پی آئی اے انتظامیہ کے حالیہ احکامات کو کالعدم قرار دیا گیا ہے اور ہدایت کی گئی ہے کہ ریٹائرڈ ملازمین کو فوری طور پر سابقہ پالیسی کے تحت طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔
یہ درخواست ایئر لیگ کے صدر شمیم اکمل اور دیگر کی جانب سے دائر کی گئی تھی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ نئے انشورنس معاہدے کے تحت ریٹائرڈ ملازمین کو محدود ہسپتالوں اور ادویات تک محدود کر دیا گیا تھا، جبکہ نان پینل سروسز کے اخراجات کی ادائیگی بھی بند کر دی گئی تھی۔
درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ یہ اقدامات پی آئی اے کے پرسنل پالیسی مینوئل اور پی آئی اے کارپوریشن ایکٹ کے منافی ہیں، کیونکہ ان کے تحت ریٹائرڈ ملازمین او پی ڈی اور اسپیشلسٹ اخراجات کے حقدار ہیں۔
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد نہ صرف درخواست کو باقاعدہ سماعت کے لیے منظور کیا بلکہ انتظامیہ کی پابندیوں کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے پرانی پالیسی بحال کرنے کا حکم بھی جاری کر دیا۔
اس فیصلے کے بعد پی آئی اے کے ہزاروں ریٹائرڈ ملازمین کو ریلیف ملنے کی توقع ہے، جو طویل عرصے سے بہتر طبی سہولیات کے لیے کوشش کر رہے تھے۔

Leave a reply