ایران امریکامذاکرات آخری مراحل میں داخل،معاہدے کے حتمی نکات کا اعلان جلد متوقع

0
5

ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کی بحالی کی کوششوں میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق امریکہ اور ایران کے درمیان ممکنہ معاہدے کے ڈرافٹ کو حتمی شکل دینے کے لیے سنجیدہ کوششیں جاری ہیں۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاکستان سے ایک اہم شخصیت جلد ایران کا دورہ کر سکتی ہے، جس کے بعد معاہدے کے حتمی نکات سامنے آنے کا امکان ہے۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات آخری مراحل میں داخل ہو چکے ہیں۔ ان کے مطابق اب فیصلہ کن وقت ہے کہ آیا معاہدہ طے پاتا ہے یا صورتحال کسی نئے رخ اختیار کرتی ہے۔

اسی دوران ایران اور امریکہ کے درمیان سفارتی کوششوں کے سلسلے میں پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی ایک بار پھر اہم پیغام لے کر تہران پہنچ گئے۔

تہران میں ان کی ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات ہوئی، جبکہ انہوں نے پاسدارانِ انقلاب کے جنرل احمد وحیدی اور ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی سے بھی ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں خطے کی مجموعی صورتحال اور ایران امریکہ مذاکرات سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق محسن نقوی اور ایرانی وزیر داخلہ کے درمیان یہ دوسری ملاقات ہے، جس میں باہمی تعاون اور علاقائی کشیدگی میں کمی کے امکانات پر بات چیت کی گئی۔

Leave a reply