ڈرگ ڈیلر’’ انمول عرف پنکی ‘‘نیٹ ورک کا دائرہ مزید وسیع، ایف آئی اے سے مدد طلب

0
5

کراچی میں گرفتار بدنام زمانہ منشیات فروش انمول عرف ‘پنکی’ کے کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔

پولیس کے مطابق انمول عرف پنکی کے خلاف منی لانڈرنگ اور سائبر کرائم کے پہلوؤں سے بھی تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے، جس کے لیے کراچی پولیس نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) سے باقاعدہ تکنیکی مدد طلب کی ہے۔

ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کی جانب سے ایف آئی اے حکام کو ارسال کیے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزمہ کے ساتھی مختلف بینک اکاؤنٹس کے ذریعے بڑی رقوم کی منتقلی اور وصولی میں ملوث رہے ہیں۔

خط کے مطابق شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ملزمان منشیات کی اسمگلنگ اور اس سے منسلک غیر قانونی مالیاتی سرگرمیوں میں ملوث ایک بڑے نیٹ ورک کا حصہ ہیں۔

پولیس نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ کیس میں سائبر کرائم اور ڈیجیٹل ٹرانزیکشنز شامل ہونے کے باعث جدید تکنیکی معاونت درکار ہے تاکہ پورے نیٹ ورک تک پہنچا جا سکے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ انمول عرف پنکی کے خلاف کراچی کے تھانہ گارڈن اور تھانہ بغدادی میں تین مقدمات درج ہیں، جن میں منشیات ایکٹ، ناجائز اسلحہ اور اقدامِ قتل جیسے سنگین الزامات شامل ہیں، جبکہ تحقیقات تیزی سے جاری ہیں۔

Leave a reply