
منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار انمول عرف پنکی کے خلاف کراچی کے علاقے بغدادی تھانے میں قتل کا مقدمہ درج کر دیا گیا ہے، جبکہ تفتیشی افسر نے مقدمے کا عبوری چالان پراسیکیوشن کے پاس جمع کرا دیا ہے۔
تفتیشی افسر کی جانب سے جمع کرائے گئے عبوری چالان میں کہا گیا ہے کہ 7 مئی کو مدعی مقدمہ موٹر سائیکل کے کام کے سلسلے میں حاجی پیر محمد روڈ سے گزر رہا تھا، جہاں فٹ پاتھ پر ایک شخص کی لاش پڑی تھی جس کے گرد لوگوں کی بڑی تعداد جمع تھی۔
مدعی کے مطابق ریسکیو اہلکاروں کی مدد سے لاش ایمبولینس کے ذریعے بغدادی تھانے منتقل کی گئی، جہاں پولیس نے معائنے کے دوران مقتول کی جیب سے ایک ڈبی برآمد کی۔
چالان میں بتایا گیا ہے کہ گولڈن رنگ کی ڈبی پر “کوئین میڈیم پنکی ڈان” نام درج تھا، جس کے بعد ابتدائی طور پر انمول عرف پنکی کے منشیات فروشی سے تعلقات کا شبہ ظاہر کیا گیا۔
تفتیشی افسر کے مطابق ملزمہ کے خلاف تفتیش مکمل نہیں ہو سکی، تاہم مقررہ مدت پوری ہونے پر عبوری چالان جمع کرایا گیا ہے۔
پراسیکیوشن کا کہنا ہے کہ چالان کی اسکروٹنی جاری ہے، جس کے دوران تفتیشی نقائص کی نشاندہی اور اصلاح کی جائے گی، اور بعد ازاں عبوری چالان عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
پولیس کے مطابق انمول عرف پنکی کے خلاف قتل کا مقدمہ لائنز ایریا کے رہائشی شیروز کی مدعیت میں بغدادی تھانے میں درج کیا گیا ہے۔















