پی ٹی اے کی غیرقانونی سم استعمال پر ایڈوائزری جاری

0
5

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے سمز کے غیرقانونی استعمال کے معاملے پر ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ اپنی سم کسی دوسرے شخص کو دینا قانوناً جرم ہے اور اس پر سزا ہو سکتی ہے۔

پی ٹی اے کے مطابق کسی دوسرے فرد کے نام پر رجسٹرڈ سم کا استعمال بھی غیرقانونی ہے۔ ادارے نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی سم کے ذریعے ہونے والی غیرقانونی سرگرمی کی ذمہ داری اس صارف پر عائد ہوگی جس کے نام پر سم رجسٹرڈ ہے۔

ایڈوائزری میں شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے شناختی کارڈ پر رجسٹرڈ تمام سمز سے آگاہ رہیں اور کسی بھی نامعلوم یا غیر ضروری سم کو فوری طور پر بلاک کروائیں۔

مزید کہا گیا ہے کہ نئی سم صرف مستند فرنچائز یا کسٹمر سروس سینٹر سے حاصل کی جائے تاکہ غیرقانونی استعمال اور دھوکہ دہی کے واقعات سے بچا جا سکے۔

پی ٹی اے نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی سمز کے محفوظ اور ذمہ دارانہ استعمال کو یقینی بنائیں تاکہ سائبر جرائم اور دیگر غیرقانونی سرگرمیوں کی روک تھام میں مدد مل سکے۔

Leave a reply