گلگت بلتستان انتخابات میں پی ٹی آئی کا15سیٹیں جیتنےکادعویٰ

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی جماعت نے گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات میں 15 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے اور اگر ان کی جیتی ہوئی نشستیں کسی دوسری جماعت کو دی گئیں تو وہ ایسے نتائج قبول نہیں کریں گے۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ووٹ جمہوریت کی بنیادی اکائی ہے اور گلگت بلتستان میں پی ٹی آئی کے 22 امیدوار انتخابی میدان میں تھے۔ ان کے بقول تمام نتائج اور اعداد و شمار کا جائزہ لینے کے بعد پارٹی 15 نشستوں پر کامیاب ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی کو صرف دو نشستیں دی گئیں اور باقی 13 نشستیں کسی اور کے حصے میں ڈال دی گئیں تو یہ عوامی مینڈیٹ کی نفی ہوگی، جسے ان کی جماعت قبول نہیں کرے گی۔ ان کے مطابق جس جماعت کو عوام ووٹ دیں، حکومت بنانے کا حق بھی اسی کے پاس ہونا چاہیے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے حوالے سے ان کی جماعت کا مؤقف واضح ہے۔ ان کے بقول وفاق میں جس مینڈیٹ کو وہ اپنا سمجھتے ہیں، اگر وہی جماعتیں گلگت بلتستان میں موجود ہوں تو ان کے ساتھ حکومت سازی کا سوال پیدا نہیں ہوتا، کیونکہ پی ٹی آئی اقتدار میں شراکت داری کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی۔
بیرسٹر گوہر نے مزید دعویٰ کیا کہ اب تک موصول ہونے والے 17 حلقوں کے نتائج میں پی ٹی آئی 8 نشستوں پر کامیاب ہو چکی ہے، جبکہ مجموعی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد پارٹی اپنی 15 نشستوں پر کامیابی کا دعویٰ برقرار رکھتی ہے۔
Leave a reply جواب منسوخ کریں
اہم خبریں

پاکستان ٹوڈے ڈیجیٹل نیوز پر شائع ہونے والی تمام خبریں، رپورٹس، تصاویر اور وڈیوز ہماری رپورٹنگ ٹیم اور مانیٹرنگ ذرائع سے حاصل کی گئی ہیں۔ ان کو پبلش کرنے سے پہلے اسکے مصدقہ ذرائع کا ہرممکن خیال رکھا گیا ہے، تاہم کسی بھی خبر یا رپورٹ میں ٹائپنگ کی غلطی یا غیرارادی طور پر شائع ہونے والی غلطی کی فوری اصلاح کرکے اسکی تردید یا درستگی فوری طور پر ویب سائٹ پر شائع کردی جاتی ہے۔














