
وزیراعلیٰ پنجاب کے “محفوظ پنجاب” وژن کے تحت صوبے بھر کی پبلک ٹرانسپورٹ میں “سی ایم پنجاب QR پینک بٹن” کی تنصیب کا عمل تیزی سے جاری ہے۔
ترجمان سیف سٹی کے مطابق لاہور سمیت مختلف اضلاع میں بسوں، ویگنوں، رکشوں اور ٹیکسیوں میں QR پینک بٹن نصب کیے جا رہے ہیں تاکہ مسافروں کو مزید محفوظ سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
شہری پبلک سیفٹی ایپ اور سیف سٹی کی ویب سائٹ کے ذریعے گھر بیٹھے مفت QR پینک بٹن حاصل کر سکتے ہیں، جبکہ سیف سٹی، ٹریفک پولیس، ضلعی پولیس اور ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (RTA) کی جانب سے اس حوالے سے آگاہی مہم بھی جاری ہے۔
آگاہی مہم کے دوران شہریوں کو QR پینک بٹن کے استعمال، اس کے فوائد اور دستیاب حفاظتی سہولیات سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔
سیف سٹی حکام کے مطابق کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مسافر QR پینک بٹن کے ذریعے فوری طور پر پولیس اور سیف سٹی کنٹرول روم سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ بٹن فعال کرنے پر مسافر کی لائیو لوکیشن اور گاڑی کا ڈیٹا فوری طور پر کنٹرول روم کو موصول ہو جائے گا، جس کے بعد بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے گی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کے ذریعے فوری رسپانس کو یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ QR پینک بٹن سسٹم خواتین، طلبہ، بزرگ شہریوں اور روزانہ سفر کرنے والے لاکھوں مسافروں کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرے گا، جبکہ پنجاب بھر کی پبلک ٹرانسپورٹ کو جدید ڈیجیٹل سیفٹی نیٹ ورک میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔















