ٹیکنالوجی کی دنیامیں طوفان برپا،اینتھروپک نے نیا اے آئی ماڈل متعارف کرا دیا

مصنوعی ذہانت کی معروف کمپنی اینتھروپک نے اپنا جدید ترین اے آئی ماڈل فَیبل 5 عوامی استعمال کے لیے متعارف کرا دیا ہے، تاہم کمپنی نے سائبر سیکیورٹی اور حساس انفراسٹرکچر سے متعلق شعبوں میں ممکنہ غلط استعمال سے بچاؤ کے لیے سخت حفاظتی پابندیاں برقرار رکھی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق فَیبل 5 اینتھروپک کے ’مِتھوس فیملی‘ کا پہلا ماڈل ہے جسے عام صارفین کے لیے جاری کیا گیا ہے۔ اسے ابتدائی طور پر اپریل میں متعارف کرایا گیا تھا مگر سیکیورٹی خدشات کے باعث محدود سطح پر اس کی آزمائشی تعیناتی کی گئی تھی۔
کمپنی کے مطابق یہ ماڈل سافٹ ویئر پروگرامنگ، پیچیدہ تحقیقی کاموں اور تصاویر کے تجزیے میں نمایاں صلاحیت رکھتا ہے، تاہم حساس نوعیت جیسے سائبر سیکیورٹی، حیاتیات یا کیمسٹری سے متعلق سوالات پر صارفین کو نسبتاً کم طاقتور ماڈل کی طرف منتقل کر دیا جائے گا۔
اینتھروپک نے اس کے ساتھ اپنے زیادہ طاقتور ماڈل ’کلاڈ مِتھوس 5‘ کو محدود پیمانے پر منتخب اداروں کے لیے دستیاب کیا ہے۔ یہ ادارے کمپنی کے ’پروجیکٹ گلاس وِنگ‘ پروگرام کا حصہ ہیں جس میں 15 سے زائد ممالک کے تقریباً 200 سیکیورٹی اور تحقیقی ادارے شامل ہیں۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ ریلیز سے قبل ماڈل کی کئی ماہ تک جانچ کی گئی جس میں ریڈ ٹیم ٹیسٹنگ اور بگ باؤنٹی پروگرام بھی شامل تھے تاکہ سیکیورٹی کو یقینی بنایا جا سکے۔















