قومی اقتصادی کونسل میں خیبرپختونخوا کا مقدمہ بھرپور انداز میں پیش کیا، سہیل آفریدی

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ انہوں نے قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس میں صوبے کے عوام کا مقدمہ بھرپور انداز میں پیش کیا۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ این ایف سی ایوارڈ کو طویل عرصے سے اپ ڈیٹ نہیں کیا جا رہا تھا، تاہم وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی ہے کہ 180 روز کے اندر این ایف سی ایوارڈ کو حتمی شکل دی جائے گی۔
سہیل آفریدی کے مطابق قبائلی اضلاع کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے این ایف سی ایوارڈ میں ضروری ترامیم کی جا رہی ہیں، جبکہ تمام صوبوں کی مشاورت سے اس عمل کو مکمل کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اگر صوبوں کے درمیان اتفاقِ رائے نہ ہو سکا تو معاملہ حتمی فیصلے کے لیے ایوانِ صدر بھجوایا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ گندم کی آزادانہ نقل و حمل کو یقینی بنانا وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ ان کے مطابق پاسکو کے ساتھ ہونے والے معاہدے کے باعث گندم کی قیمت 4150 روپے فی من سے تجاوز کر رہی تھی، تاہم وفاق نے یقین دہانی کرائی ہے کہ قیمتوں میں اضافے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔















