
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اقتصادی سروے 2025-26 کے مطابق پاکستان کی آبادی 25 کروڑ 20 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے، جبکہ آبادی میں سالانہ اضافہ 2.07 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2025 کے دوران مردوں کی تعداد 12 کروڑ 96 لاکھ اور خواتین کی تعداد 12 کروڑ 24 لاکھ 50 ہزار رہی۔ آبادی کے لحاظ سے پنجاب بدستور سب سے بڑا صوبہ ہے، جہاں 13 کروڑ 33 لاکھ افراد آباد ہیں، جبکہ سندھ کی آبادی 5 کروڑ 82 لاکھ، خیبرپختونخوا کی 4 کروڑ 26 لاکھ اور بلوچستان کی 1 کروڑ 52 لاکھ ہے۔
لیبر فورس سروے 2024-25 کے مطابق ملک کی مجموعی لیبر فورس 8 کروڑ 31 لاکھ سے زائد رہی، جن میں 7 کروڑ 72 لاکھ افراد برسرِ روزگار جبکہ تقریباً 59 لاکھ افراد بے روزگار ہیں۔
اقتصادی سروے میں بتایا گیا کہ وزیراعظم یوتھ اسکل ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت مالی سال 2026 میں 90 ہزار 550 نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں تربیت فراہم کی گئی۔
اسی طرح وزیراعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون اسکیم کے تحت جولائی 2025 سے فروری 2026 تک 58 ارب روپے کے قرضے ایک لاکھ 14 ہزار 815 افراد میں تقسیم کیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق وزیراعظم یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت جولائی 2025 سے مارچ 2026 تک میرٹ کی بنیاد پر 72 ہزار لیپ ٹاپ طلبہ میں تقسیم کیے گئے۔
اقتصادی سروے میں مزید بتایا گیا کہ 2025 کے دوران 7 لاکھ 62 ہزار 499 پاکستانیوں نے بیرون ملک روزگار کے لیے رجسٹریشن کرائی، جبکہ وزارت اوورسیز پاکستانیز نے 75 نئے لائسنس جاری کیے، جس کے بعد مجموعی لائسنس ہولڈرز کی تعداد 2 ہزار 697 ہو گئی ہے۔
رپورٹ میں آبادی میں تیزی سے اضافے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور نوجوانوں کی فلاح کے لیے اقدامات کو ملکی معیشت کے اہم چیلنجز اور ترجیحات قرار دیا گیا ہے۔















