امن کمیٹی کا محرم الحرام میں فول پروف سیکیورٹی یقینی بنانے کا عزم

سینئر وائس چیئرمین امن کمیٹی برائے بین المذاہب ہم آہنگی پنجاب میاں صداقت مجید کی زیر صدارت محرم الحرام کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
امن کمیٹی کے دفتر میں ہونے والے اس اجلاس میں کمیٹی کے ارکان نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران محرم الحرام کے موقع پر امن و امان کی صورتحال اور فول پروف سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی اداروں کے ساتھ قریبی تعاون کے ذریعے امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
اس موقع پر مجالس اور جلوسوں کے منتظمین، رضاکاروں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینے پر بھی اتفاق کیا گیا تاکہ باہمی تعاون سے امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنایا جا سکے۔
اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع متعلقہ حکام تک پہنچائی جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔















