
وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو اپنے قائد کی رہائی کے لیے احتجاج کرنے کا حق حاصل ہے، تاہم کسی بھی صورت میں ریاستی اداروں کو بے توقیر نہیں کیا جانا چاہیے۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری، نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز سمیت دیگر سیاسی رہنما سزائیں بھگت چکے ہیں، مگر کسی نے نظام کو نقصان پہنچانے کی کوشش نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ ڈھائی برس سے بعض سیاسی عناصر کی توجہ صرف ایک شخص کے گرد مرکوز ہے، جبکہ ان کے طرز عمل سے پارلیمنٹ اور اداروں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جو درست رویہ نہیں۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر کے لفظ ’’آزاد‘‘ کا تحفظ پاکستان نے کیا ہے اور اس خطے کے لیے ملک نے بڑی قربانیاں دی ہیں۔ ان کے مطابق کشمیری عوام اور پاکستان کے درمیان گہرا رشتہ ہے اور اس معاملے کو انتخابی عمل کے ذریعے عوام کے سامنے رکھا جانا چاہیے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ اگر کوئی قانون کو ہاتھ میں لے گا تو ریاست خاموش نہیں رہ سکتی۔















