
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں، ممکنہ سیلابی صورتحال اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے متعدد اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے، جبکہ شمالی علاقوں میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے اور ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ بھی موجود ہے۔
ادارے کا کہنا ہے کہ موجودہ موسمی صورتحال اس کے پہلے سے جاری کردہ موسمی تجزیے کے مطابق ہے، اور تمام متعلقہ وفاقی و صوبائی اداروں کو بروقت آگاہ کیا جا رہا ہے تاکہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تیاری مکمل رکھی جا سکے۔
الرٹ کے مطابق اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع راولپنڈی، مری، لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، ملتان، بہاولپور اور دیگر علاقوں میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
خیبر پختونخوا کے چترال، سوات، دیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بنوں اور دیگر اضلاع میں بھی بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
اسی طرح گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے کئی علاقوں بشمول اسکردو، ہنزہ، نیلم ویلی اور مظفرآباد میں بھی بارش متوقع ہے، جبکہ بلوچستان کے بعض اضلاع میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
مزید کہا گیا ہے کہ 13 سے 15 جون کے دوران شمالی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ، گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے اور ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ شمالی وادیوں میں مقامی سطح پر سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے، جبکہ بارشوں کے باعث شاہراہوں اور رابطہ سڑکوں پر ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہونے کا امکان ہے۔
ادارے نے سیاحوں اور مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ شمالی علاقوں کے سفر سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال ضرور چیک کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ بروقت معلومات اور الرٹس کے لیے این ڈی ایم اے کی آفیشل موبائل ایپ سے رہنمائی حاصل کریں، جبکہ ضلعی اور صوبائی انتظامیہ کو بھی مکمل الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔















