وفاقی حکومت نے 18 ہزار ارب روپے سے زائد کا بجٹ پیش کر دیا

0
10

اسلام آباد: قومی اسمبلی کے اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے مالی سال 2026-27 کا 18 ہزار 771 ارب روپے سے زائد حجم کا وفاقی بجٹ پیش کر دیا۔

اپنی بجٹ تقریر میں وزیر خزانہ نے اتحادی جماعتوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تیسرا بجٹ پیش کرنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ معاشی پیش رفت اور مختلف شعبوں میں بہتری حکومتی پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔

وزیر خزانہ کے مطابق ملک کی معیشت کا حجم 452 ارب ڈالر تک پہنچ چکا ہے جبکہ فی کس آمدنی 1751 ڈالر سے بڑھ کر 1901 ڈالر ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لارج اسکیل مینوفیکچرنگ میں 6.1 فیصد اور خدمات کے شعبے میں 4.1 فیصد نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ زرمبادلہ کے ذخائر 4 ارب ڈالر سے بڑھ کر 17 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے ہیں، جبکہ ترسیلات زر بھی مسلسل اضافہ دکھا رہی ہیں۔

بجٹ میں آئندہ مالی سال کے لیے 4 فیصد معاشی ترقی، 8.2 فیصد افراط زر اور 3.6 فیصد بجٹ خسارے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ دفاع کے لیے 3 ہزار ارب روپے، سبسڈی کے لیے 1091 ارب روپے، جبکہ بی آئی ایس پی کے لیے 838 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 7 فیصد اضافے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ کم از کم تنخواہ میں 10 فیصد اضافہ بھی شامل ہے۔

تنخواہ دار طبقے کے لیے ٹیکس سلیبس میں نرمی، سپر ٹیکس میں کمی اور چھوٹے دکانداروں کے لیے فکسڈ ٹیکس نظام متعارف کرانے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔

بجٹ میں جائیداد کی خرید و فروخت، کارڈ ٹرانزیکشنز اور دیگر شعبوں میں ٹیکس ریلیف کی تجاویز بھی شامل ہیں۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں، آبی ذخائر، توانائی، صحت، تعلیم اور انفراسٹرکچر کے لیے اربوں روپے مختص کیے گئے ہیں تاکہ معیشت کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔

Leave a reply