
چیف ٹریفک آفیسر کائنات اظہر خان نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے۔
چارج سنبھالنے کے بعد انہوں نے زونل ڈی ایس پیز کے ساتھ اہم اجلاس کی صدارت کی جس میں ٹریفک مینجمنٹ، انفورسمنٹ اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں اسلام آباد میں ٹریفک ڈسپلن کے فروغ، مؤثر ٹریفک مینجمنٹ اور شہریوں کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی کو اولین ترجیح قرار دیا گیا۔
چیف ٹریفک آفیسر نے ہدایت کی کہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو مزید سخت اور مؤثر بنایا جائے جبکہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رکھی جائے۔
انہوں نے لین وائلیشن، ون وے کی خلاف ورزی، دوران ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال، سیٹ بیلٹ کی پابندی نہ کرنے، غیر قانونی نمبر پلیٹس، کم عمر ڈرائیونگ، ون ویلنگ اور ڈرفٹنگ جیسے خلاف ورزیوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت بھی جاری کی۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ٹریفک نظام کے ذریعے شہریوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائے گی۔















