اے آئی کا خطرناک مشوره چینی کسان کی 25 ایکڑ فصل راتوں رات تباہ ہوگئی

چین کے صوبہ آنہوئی کے 67 سالہ کسان نے دعویٰ کیا ہے کہ اے آئی اسسٹنٹ کی جانب سے کیڑے اور جڑی بوٹیوں کے خاتمے کے لیے دیے گئے مشورے پر عمل کرنے کے بعد اس کی 25 ایکڑ تل کی فصل راتوں رات تباہ ہوگئی۔
مقامی رپورٹس کے مطابق کسان گزشتہ ایک سال سے فصلوں کی دیکھ بھال، کھاد اور زرعی منصوبہ بندی کے لیے اے آئی سے مشورے لے رہا تھا۔ ابتدائی کامیابیوں کے بعد اس کا اعتماد بڑھ گیا اور اس نے ماہرین سے تصدیق کیے بغیر اے آئی کی ہدایات پر عمل شروع کردیا۔
بعد ازاں اے آئی کی تجویز کردہ کیمیائی دوا استعمال کی گئی، جس کے نتیجے میں نومولود پودوں کی بڑی تعداد تباہ ہوگئی۔
ماہرین کے مطابق نقصان کی ایک بڑی وجہ فلوفیناسیٹ نامی جڑی بوٹی مار دوا بنی، جسے غلط طریقے سے استعمال کرنے پر تل کی فصل متاثر ہوسکتی ہے۔یہ واقعہ اس بات کی اہمیت اجاگر کرتا ہے کہ حساس شعبوں میں اے آئی کے مشورے کو حتمی فیصلہ سمجھنے کے بجائے ماہرین سے تصدیق ضرور کی جائے۔















