ڈنمارک کی وزیر اعظم کا کاسمیٹک سرجن کوکرارا جواب، گفتگو کا اسکرین شاٹ شیئر کر دیا

0
9

ڈنمارک کی وزیراعظم میٹے فریڈرکسن کو ایک مرد کاسمیٹک سرجن نے ناک کی شکل بہتر بنانے کا مشورہ دیا، جس پر وزیراعظم کے جواب نے سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کرلی۔
48 سالہ میٹے فریڈرکسن نے انسٹاگرام پر سرجن کے ساتھ ہونے والی گفتگو کا اسکرین شاٹ شیئر کیا۔ سرجن نے انہیں ناک پر موجود ایک چھوٹے سے نشان کو درست کرنے کی پیشکش کی تھی، تاہم وزیراعظم نے یہ مشورہ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی ظاہری شکل اور جسم سے مطمئن ہیں اور انہیں کسی مرد پلاسٹک سرجن کی جانب سے اپنی شکل و صورت پر رائے کی ضرورت نہیں۔
میٹے فریڈرکسن نے بتایا کہ انہیں کئی برس سے اپنی ظاہری شکل کے حوالے سے مختلف تبصروں اور مشوروں کا سامنا ہے۔ کبھی ان کے دانت، کبھی بال اور کبھی ناک پر موجود نشان لوگوں کی توجہ کا مرکز بنتا رہا، جبکہ بعض افراد نے انہیں بوٹوکس کروانے کا مشورہ بھی دیا۔
ڈنمارک کی وزیراعظم نے کہا کہ وہ اپنی زندگی اور ظاہری شکل سے مطمئن ہیں، خصوصاً ایسے وقت میں جب وہ 50 برس کی عمر کے قریب پہنچ رہی ہیں۔
انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ لوگ انہیں پیغام ضرور بھیج سکتے ہیں، لیکن امید ہے کہ آئندہ گفتگو ان کی ناک کے بجائے کسی زیادہ اہم موضوع پر ہوگی۔

Leave a reply