سعودی ڈاکٹر ز کا بڑا کارنامہ! جڑواں بچوں کو علیحدہ کرنے کا انتہائی مشکل آپریشن کامیاب

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں تنزانیہ سے تعلق رکھنے والے دھڑ جڑے جڑواں بچوں کو علیحدہ کرنے کا انتہائی پیچیدہ آپریشن کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے اور دونوں بچوں کی صحت اب بالکل بہتر اور تسلی بخش ہے۔
خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی خصوصی ہدایات پر کنگ عبداللہ اسپیشلسٹ چلڈرن اسپتال میں ہونے والا یہ آپریشن مسلسل 14.5 گھنٹے جاری رہا اور اسے نو مختلف مراحل میں مکمل کیا گیا۔
اس تاریخی سرجری میں مختلف شعبوں کے 44 ماہر ڈاکٹرز اور طبی عملے نے حصہ لیا جنہوں نے کولہے اور دھڑ کے نچلے حصے سے جڑے بچوں (لاٹینس اور لونس) کی ریڑھ کی ہڈی، اعصاب اور آنتوں کو انتہائی مہارت سے علیحدہ کیا۔
ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ کی سربراہی میں ہونے والا یہ آپریشن سعودی کانجوائنڈ ٹوئنز پروگرام کا 75واں کامیاب مشن ہے جس کے بعد دونوں بچوں کو علیحدہ بستروں پر منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کی حالت اب بالکل مستحکم ہے۔















