حالیہ سیکیورٹی خطرات کے پیش نظر ، حرمین شریفین کی حفاظت اور سلامتی کیلئے خصوصی دعاؤں کا سلسلہ جاری

سعودی عرب میں حالیہ سیکیورٹی خطرات کے پیش نظر مکہ مکرمہ کی مسجد الحرام میں حرمین شریفین کی حفاظت اور سلامتی کے لیے خصوصی اور رقت آمیز دعاؤں کا سلسلہ جاری ہے۔
نماز کے بعد ائمہ کرام شیوخ اور ہزاروں زائرین نے اللہ رب العزت کے حضور ہاتھ اٹھا کر مقدس مقامات کے امن و امان کے لیے گریہ و زاری کی ۔یہ دعائیں ایک ایسے وقت میں مانگی جا رہی ہیں جب یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے فضائی حملوں کی کوششوں کے بعد سعودی عرب کے متعدد شہروں بشمول جده، طائف اور پہلی بار مکہ مکرمہ کی فضائی حدود میں قلیل مدتی سیکیورٹی الرٹ جاری کیا گیا۔
اگرچہ سعودی دفاعی فورسز کی مستعدی کے باعث صورتحال مکمل قابو میں ہے اور زائرین امن و سکون کے ساتھ عبادات میں مصروف ہیں، تاہم ان سیکیورٹی خدشات نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔















