حکومت کی ریلیف اسکیم پر پیٹرولیم ڈیلرز کا پیٹرول دینے سے انکار

0
12

 پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے حکومت کی جانب سے متعارف کرائی گئی ریلیف اسکیم کے طریقہ کار پر اعتراضات اٹھاتے ہوئے اس کے تحت عوام کو پیٹرول فراہم کرنے سے انکار کر دیا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی پی ڈی اے کے وائس چیئرمین انوار کمال نے کہا کہ ریلیف اسکیم کی تیاری کے دوران پیٹرولیم ڈیلرز کو اعتماد میں نہیں لیا گیا، جبکہ موجودہ طریقہ کار پر عمل درآمد بھی ڈیلرز کے لیے مشکل ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ عوام کو ریلیف دینے کے لیے ایسا طریقہ کار اپنایا جائے جو براہِ راست اور آسان ہو۔ انوار کمال کے مطابق مہنگائی کے باعث ڈیلرز کا سرمایہ پہلے ہی دباؤ کا شکار ہے، جبکہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے اربوں روپے کی ادائیگیاں بھی تاحال زیرِ التوا ہیں۔

وائس چیئرمین پی پی ڈی اے کا کہنا تھا کہ ریلیف اسکیم کا مالی بوجھ ڈیلرز پر منتقل کرنا قابلِ عمل نہیں۔ ان کے مطابق ڈیلرز اپنے مارجن میں اضافے کا مطالبہ کر رہے ہیں اور جب تک طریقہ کار واضح نہیں کیا جاتا، موجودہ اسکیم کے تحت پیٹرول فراہم نہیں کیا جائے گا۔

انوار کمال نے سوال اٹھایا کہ حکومت کی جانب سے فراہم کیے جانے والے سستے پیٹرول کی رقم ڈیلرز کو کس طریقے سے ادا کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیلرز گزشتہ تین روز سے حکومت سے رابطے میں ہیں، تاہم ابھی تک انہیں کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔

Leave a reply