نئے صوبوں اور نظام میں تبدیلی سے متعلق آگاہی مہم شروع کرنے کا فیصلہ

لاہور میں پاکستان کے تھنک ٹینک ’’سنٹر فار انٹرنیشنل ریفارمز اینڈ گورننس‘‘ (CNRG) کا اہم اجلاس ہوا، جس میں ملک میں نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کے قیام اور صدارتی نظام کے حوالے سے آگاہی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں ملک بھر سے دانشوروں، سینئر صحافیوں، ریٹائرڈ بیوروکریٹس، سابق سفارتکاروں، معاشی و مالی ماہرین، ماہرین قانون و آئین، اوورسیز پاکستانیوں کے نمائندوں اور کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔
اجلاس میں تھنک ٹینک کی گزشتہ چھ ماہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا، جبکہ پاکستان میں چھوٹے صوبوں یا انتظامی یونٹس کے قیام اور پارلیمانی نظام کی جگہ صدارتی نظام متعارف کرانے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس کے شرکا نے ملک کو درپیش طویل مدتی مسائل کے حل کے لیے نظام میں تبدیلی کی ضرورت پر گفتگو کی۔ شرکا کی جانب سے ملک کے موجودہ چار صوبوں کو 12 سے 18 انتظامی یونٹس یا چھوٹے صوبوں میں تقسیم کرنے کی تجویز بھی زیر بحث آئی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نئے صوبوں اور صدارتی نظام کے حوالے سے ملک بھر سمیت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں میں آگاہی اور رائے عامہ ہموار کرنے کے لیے میڈیا اور عوامی مہم شروع کی جائے گی۔
اس مقصد کے لیے اندرون و بیرون ملک پاکستانیوں کی رائے جاننے کے لیے آن لائن دستخطی مہم بھی شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جس کا آغاز 23 ستمبر سے کیا گیا۔
اجلاس میں نئے نظام سے متعلق معلومات اور عوامی رائے کے لیے ’’نیا نظام ڈاٹ پی کے‘‘ کے نام سے ویب پورٹل شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔















