اداکار مشتاق خان کی زندگی کے آخری دنوں کی کہانی سامنےآگئی

معروف اداکار مشتاق خان کے بیٹے محسن خان نے والد کے آخری ایام اور ان کی طبیعت کے حوالے سے اہم تفصیلات شیئر کردی ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مشتاق خان کینسر کے مرض میں مبتلا تھے اور طویل عرصے تک بیماری سے لڑنے کے بعد 75 برس کی عمر میں رواں ہفتے انتقال کر گئے۔
محسن خان نے والد کی آخری دنوں کی یادیں بیان کرتے ہوئے کہا کہ مشتاق خان بیماری کے باوجود زیادہ پریشان نہیں تھے اور آخری وقت تک خوش اور مطمئن نظر آئے۔
انہوں نے بتایا کہ والد کو ابتدائی مرحلے میں کینسر کی تشخیص ہوئی تھی اور ان کا علاج بھی جاری تھا، تاہم بعد میں بیماری تیزی سے پھیل گئی۔ محسن کے مطابق جب اہلخانہ کو کینسر کے پھیلاؤ کا اندازہ ہوا تو اس وقت تک بہت دیر ہوچکی تھی اور مشتاق خان انتقال کر گئے۔
اداکار کے بیٹے نے بتایا کہ والد سے آخری گفتگو کے دوران وہ خوش تھے، مسکرا رہے تھے اور اپنی زندگی کے بارے میں مثبت انداز میں بات کر رہے تھے۔ ان کے مطابق مشتاق خان نے کہا تھا کہ انہیں اس دنیا میں آنے پر خوشی ہے اور انہوں نے زندگی میں جو کام کیا، امید ہے وہ لوگوں تک پہنچا ہوگا۔
محسن خان نے مزید بتایا کہ ان کے والد کے کئی منصوبے ابھی ریلیز کے لیے تیار ہیں، جو ان کے انتقال کے بعد ناظرین کے سامنے آئیں گے۔















