
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات میں تقریباً 99 فیصد معاملات پر اتفاق ہو گیا تھا، تاہم وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی جانب سے ڈرافٹ مسترد کیے جانے کے بعد مذاکراتی عمل متاثر ہوا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معاہدے کا مسودہ چار مرتبہ تیار اور تبدیل ہوا، جبکہ صدر اور وزیراعظم کو بھی مذاکرات پر بریفنگ دی گئی۔ ان کے مطابق اگر حتمی فیصلے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کرنے تھے تو انہیں خود مذاکرات میں شریک ہونا چاہیے تھا۔
محسن نقوی نے کہا کہ حکومت 9 مئی جیسے واقعات دوبارہ نہیں ہونے دے گی اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ احتجاج کی اجازت ہے، تاہم اسلام آباد پر دھاوا بولنے یا قانون شکنی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔















