
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نےکہاکہ آخری منٹ تک کوشش تھی کہ ایمر جنسی نہ لگے لیکن سہیل آفریدی کا رویہ ساتھ نہ دینے کا تھا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سینیٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات میں تمام نکات پر اتفاق ہوگیا تھا اور حکومت معاملے کو پرامن انداز میں حل کرنا چاہتی تھی، تاہم ان کے بقول پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت کے فیصلوں اور اندرونی مداخلت کے باعث مذاکرات کامیاب نہ ہوسکے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ حکومت نے خیبرپختونخوا میں امن برقرار رکھنے اور جانی نقصان سے بچنے کے لیے لچک دکھائی۔ بیرسٹر گوہر کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات اور ویڈیو ریکارڈنگ کی اجازت بھی دی گئی تاکہ احتجاج مؤخر کیا جاسکے، لیکن دو روز کی کوششیں ضائع ہوگئیں۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت اپنے سامنے موجود رہنماؤں پر اعتماد کیوں نہیں کرتی اور مذاکرات کی ناکامی کا ذمہ دار پارٹی کے اندرونی اختلافات کو قرار دیا۔















