کرسٹیانو رونالڈو کو کوچ سے اختلاف مہنگا پڑ گیا فیڈ ریشن نے 30 روزہ پابندی اور جرمانہ عائد کر دیا

0
11

پرتگال فٹبال فیڈریشن نے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کے خلاف ڈسپلنری کارروائی کرتے ہوئے ان پر 30 روزہ پابندی عائد کر دی، جبکہ 255 یورو جرمانہ بھی کیا گیا ہے۔ یہ کارروائی قومی ٹیم کے کیمپ کو چھوڑنے اور کوچ جارجے جیسس سے اختلافات کے معاملے پر کی گئی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق رونالڈو رواں ماہ ڈنمارک کے خلاف نیشنز لیگ میچ سے قبل کوپن ہیگن میں قومی ٹیم کا کیمپ چھوڑ کر چلے گئے تھے۔
رونالڈو نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ کوچ جارجے جیسس نے انہیں کھیلنے کے حوالے سے دو مرتبہ یقین دہانی کرائی، لیکن اپنے وعدے پورے نہیں کیے۔ دوسری جانب کوچ نے کسی بھی معاہدے کی تردید کرتے ہوئے پرتگال کی 2-1 سے کامیابی کے بعد رونالڈو کی ٹیم میں واپسی کے امکان کو مسترد نہیں کیا تھا۔
پرتگال فٹبال فیڈریشن کی ڈسپلنری کونسل کے مطابق رونالڈو نے جان بوجھ کر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی۔ اس معاملے پر کارروائی 9 اکتوبر کو شروع کی گئی تھی، جبکہ واقعے سے متعلق رپورٹ دو روز قبل سامنے آئی تھی۔
تاہم فیڈریشن نے اپنے بیان میں یہ واضح نہیں کیا کہ 30 روزہ پابندی کن میچوں یا سرگرمیوں پر لاگو ہوگی اور آیا عارضی پابندی کے دوران گزارا گیا وقت بھی اس میں شمار کیا جائے گا یا نہیں۔
واضح رہے کہ رونالڈو ناروے کے خلاف میچ کے بعد شائقین کا شکریہ ادا کیے بغیر ساتھی کھلاڑیوں کو چھوڑ کر کیمپ سے چلے جانے پر معذرت کر چکے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا تھا کہ سزا پوری کرنے کے بعد وہ قومی ٹیم کی نمائندگی کے لیے دستیاب ہوں گے۔

Leave a reply