پاکستان کا سعودی عرب کو ٹیکس فری آئل اسٹوریج کی بڑی سہولت دینے کا فیصلہ!

0
5

پاکستان نے سعودی عرب کو ملک میں ٹیکس کے بغیر تیل ذخیرہ کرنے کی سہولت فراہم کرنے کی پیشکش کر دی ہے، جس کے تحت سعودی کمپنیاں مقامی ٹیکس ادا کیے بغیر پاکستان میں تجارتی بنیادوں پر تیل کے ذخائر قائم کر سکیں گی۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے پاکستان میں سعودی عرب کے نئے سفیر ڈاکٹر راجح بن تامی البقامی سے ملاقات کے دوران یہ پیشکش کی۔ ملاقات میں کان کنی، پیٹرولیم، توانائی، تیل ذخیرہ کرنے، ریفائنریوں کی بہتری اور ایل پی جی کی فراہمی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر نے سعودی عرب کو پاکستان کے ریفائنری اپ گریڈیشن پروگرام میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی، جس کا مقصد مقامی ریفائنریوں کو جدید بنانا اور یورو 5 معیار کا ایندھن متعارف کرانا ہے۔
ملاقات میں سعودی عرب کی جانب سے عالمی منڈی میں حالیہ رکاوٹوں کے دوران ینبع بندرگاہ پر پاکستان کے لیے خام تیل کی ترسیل کو ترجیح دینے پر بھی شکریہ ادا کیا گیا۔ اس کے علاوہ سعودی آرامکو کے ساتھ مزید خام تیل اور سردیوں میں ایل پی جی کی مخصوص کھیپوں کی فراہمی پر بات چیت ہوئی۔
سعودی سفیر نے بتایا کہ اسلام آباد میں سعودی سفارت خانے نے پاکستانی شہریوں کے لیے اسی روز ویزا پراسیسنگ کی سہولت بھی متعارف کرا دی ہے۔
وفاقی وزیر نے سعودی نائب وزیر برائے کان کنی خالد المدیفر کو 12 اور 13 نومبر کو اسلام آباد میں ہونے والے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم میں شرکت کی دعوت بھی دی۔

Leave a reply