
کراچی کی عدالت نے ٹی وی میزبان اور پاکستان عوام راج تحریک کے سربراہ سید اقرار الحسن کی ضمانت منظور کرتے ہوئے ان کی رہائی کا حکم دے دیا ہے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ گلریز میمن نے سٹی کورٹ میں فریقین کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد 2 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض ان کی ضمانت منظور کی۔
سماعت کے دوران اقرار الحسن کے وکیل احمد مسعود نے مؤقف اختیار کیا کہ مقدمے کا چالان پہلے ہی عدالت میں جمع کرایا جا چکا ہے اور ان کے موکل کے موبائل فون بھی تحویل میں لیے جا چکے ہیں۔
دوسری جانب این سی سی آئی اے نے عدالت کو بتایا کہ اقرار الحسن سے مزید تفتیش کی ضرورت نہیں، تاہم ان کی فرانزک رپورٹ کا انتظار ہے۔ اس پر عدالت نے درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے مچلکے جمع کرانے پر رہائی کا حکم دے دیا۔
واضح رہے کہ اقرار الحسن کو 12 اکتوبر کو لاہور کے علاقے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) سے حراست میں لیا گیا تھا، جس کے بعد انہیں چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر این سی سی آئی اے کے حوالے کیا گیا تھا۔















