فرانس نے سائبر حملے میں ریفریجریٹرہیک کرنے کا الزام ایران پرعائد کردیا

فرانس نے ایران پر سپر مارکیٹس کے ریفریجریٹرز اور فریزرزکا درجہ حرارت خطرناک حد تک بڑھنے کا سبب بننے والے سائبر حملے کا الزام عائد کیا ہے۔
ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فرانسیسی وزیر خارجہ ژاں نوئیل بارو نے کہا کہ یہ حملہ ایران کے پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے کیا گیا ہے۔
انہوں نے اس سائبر حملے کو ’اپنی وسعت اور جارحیت میں غیر معمولی‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ فرانس اس حملے کے ذمہ دار تمام افراد کے خلاف ’یورپی سطح پر پابندیاں عائد کرے گا‘۔گزشتہ ماہ ہونے والے اس سائبر حملے کے نتیجے میں پورے فرانس میں سیکڑوں سپر مارکیٹس کے ریفریجریٹر اور فریزر کا درجہ حرارت بڑھادیا گیا تھا جس سے لاکھوں یورو مالیت کی تازہ اور منجمد اشیائے خور و نوش خراب ہو گئی تھیں۔















