
وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیے میں منعقدہ کوپ 31 کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر کاربن کے مجموعی اخراج میں ایک فیصد سے بھی کم حصہ ڈالتا ہے، لیکن اس کے باوجود موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی پاکستان کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکی ہے اور اس کے اثرات ملک کو بھاری نقصان پہنچا رہے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 2022 کے تباہ کن سیلاب کے دوران پاکستان کا تقریباً ایک تہائی حصہ زیرِ آب آگیا تھا، جس سے 3 کروڑ 30 لاکھ افراد متاثر ہوئے۔ انہوں نے ترکیے کی جانب سے اس مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دینے کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی مضبوط مثال قائم ہوئی۔ شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان ماحول دوست اقدامات پر عمل کر رہا ہے، تاہم موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے عالمی برادری کو عملی اقدامات کرنا ہوں گے اور ترقی پذیر ممالک سے کیے گئے وعدے پورے کرنا ہوں گے۔














