چین نے نمک، سورج کی روشنی اور آئینوں کی مدد سے بجلی پیدا کر کے دنیا کو حیران کر دیا

0
7

بیجنگ: چین نے صاف توانائی کے میدان میں ایک نئی مثال قائم کرتے ہوئے ایسی جدید ٹیکنالوجی متعارف کرائی ہے جس میں نمک، سورج کی روشنی اور ہزاروں آئینوں کی مدد سے کم لاگت بجلی پیدا کی جا رہی ہے۔

رپورٹس کے مطابق اس نظام میں تقریباً 12 ہزار آئینے سورج کی شعاعوں کو ایک بلند ٹاور کی جانب منعکس کرتے ہیں۔ اس عمل سے پیدا ہونے والی شدید حرارت ٹاور کے اندر موجود نمک کو انتہائی بلند درجہ حرارت تک گرم کر دیتی ہے۔

بعد ازاں اسی گرم نمک کی حرارت استعمال کرتے ہوئے پانی کو بھاپ میں تبدیل کیا جاتا ہے، جو ٹربائن چلانے کے ذریعے بجلی پیدا کرنے کا ذریعہ بنتی ہے۔

چینی حکام کا کہنا ہے کہ اس ٹیکنالوجی کے ذریعے پیدا ہونے والی توانائی لاکھوں گھروں تک پہنچائی جا رہی ہے، جبکہ مزید منصوبوں پر بھی کام جاری ہے جن سے ہزاروں میگاواٹ اضافی بجلی حاصل ہونے کی توقع ہے۔

ماہرین کے مطابق اس نظام کی ایک نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ نمک حرارت کو طویل وقت تک محفوظ رکھ سکتا ہے، جس کی وجہ سے سورج غروب ہونے کے بعد بھی کئی گھنٹوں تک بجلی پیدا کرنا ممکن رہتا ہے۔

توانائی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر اس نوعیت کے منصوبے پاکستان کے صحرائی علاقوں میں متعارف کرائے جائیں تو ملک میں سستی اور متبادل توانائی کے نئے مواقع پیدا ہو سکتے ہیں۔

Leave a reply