سولرپینلزکی درآمدمیں کرپشن پروزیراعظم نے تمام افراد کیخلاف کارروائی کی ہدایت کر دی

0
3

وزیرِاعظم شہباز شریف نے 120 ارب روپے کے سولر پینلز کی اوور انوائسنگ اور منی لانڈرنگ کیس میں ملوث تمام افراد کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
وزیرِاعظم نے 2017 سے 2022 کے دوران سامنے آنے والی اس مبینہ غیر قانونی اسکیم پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے اور اسے متعلقہ اداروں کی غفلت کا نتیجہ قرار دیا ہے۔
انہوں نے کیس میں ملوث یا غفلت برتنے والے سرکاری افسران کی نشاندہی کر کے ان کے خلاف بلا تاخیر محکمانہ کارروائی کا حکم دیا ہے۔احتساب کے عمل کی نگرانی کے لیے وزیرِاعظم آفس نے دو اعلیٰ سطح کی کمیٹیاں تشکیل دی ہیں۔ ایک کمیٹی تادیبی کارروائی کی نگرانی کرے گی جس کی سربراہی سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کریں گے جبکہ اس میں اسٹیٹ بینک، ایف بی آر، ایف آئی اے اور آئی بی کے سینئر افسران شامل ہوں گے۔
دوسری کمیٹی تحقیقات اور قانونی کارروائی میں معاونت کے لیے بنائی گئی ہے جس کی قیادت ڈی جی انٹیلیجنس پاکستان کسٹمز کریں گے۔ اس میں متعلقہ تحقیقاتی و قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران شامل ہوں گے۔
دونوں کمیٹیاں ہر 15 دن بعد اپنی پیش رفت رپورٹ وزیرِاعظم آفس کو پیش کرنے کی پابند ہوں گی۔
مزید یہ کہ وزیرِاعظم نے وزیر قانون کو ہدایت کی ہے کہ ان مقدمات کی پیروی کے لیے کراچی اور اسلام آباد میں دو خصوصی پراسیکیوٹرز مقرر کیے جائیں۔ایف بی آر کے ڈائریکٹوریٹ آف پوسٹ کلیئرنس آڈٹ نے اس مبینہ اسکینڈل کو بے نقاب کیا تھا جس میں اوور انوائسنگ کے ذریعے 120 ارب روپے بیرون ملک منتقل کیے جانے کا انکشاف ہوا۔ بعد ازاں کسٹمز ایڈجوڈیکیشن اتھارٹی نے فیصلے میں 111 ارب روپے کے جرمانے بھی عائد کیے ہیں۔

Leave a reply