
وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بجٹ کے حوالے سے صوبوں کے ساتھ کئی ہفتوں سے مشاورت جاری ہے، اور اس بھرپور مشاورت و تعاون پر وہ تمام وزرائے اعلیٰ کے شکر گزار ہیں۔
قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِاعظم نے کہا کہ وفاق اور صوبوں نے عوامی مفاد اور معاشی ترقی کے لیے اہم فیصلے کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشکلات کے باوجود تمام فریقین نے مل کر آئی ایم ایف پروگرام پر عملدرآمد یقینی بنانے کی کوشش کی۔
شہباز شریف کے مطابق انہوں نے گزشتہ رات ایم ڈی آئی ایم ایف سے تفصیلی گفتگو بھی کی، جس میں عالمی مالیاتی ادارے کی جانب سے پاکستان کی معاشی بہتری کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا گیا۔
انہوں نے کہا کہ روزگار کے مواقع پیدا کرنا، برآمدات میں اضافہ، پیداواری صلاحیت بڑھانا اور مجموعی معاشی بہتری سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
وزیرِاعظم نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے بھی وسائل کی ضرورت ہے، اور قوم و سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کی بدولت اس عفریت کا جلد خاتمہ ممکن ہوگا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ معاشی چیلنجز کے باوجود دفاع اور دیگر اہم شعبوں کے لیے وسائل کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، جبکہ باہمی اتحاد اور اتفاق کے ذریعے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔















