200 یونٹس تک بجلی ریلیف ختم نہیں ہوگا، وزارت توانائی کی وضاحت

0
3

اسلام آباد میں ماہانہ 200 یونٹس تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے لیے سبسڈی ختم کیے جانے سے متعلق خبروں پر وزارتِ توانائی نے وضاحت جاری کر دی ہے۔

وزارتِ توانائی کے ترجمان نے میڈیا رپورٹس کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کم بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کے لیے موجودہ ریلیف پالیسی ختم کرنے یا اس میں کسی تبدیلی کا کوئی منصوبہ زیر غور نہیں۔

ترجمان کے مطابق حکومت کم آمدنی والے صارفین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور 200 یونٹس تک استعمال کرنے والے صارفین کو دی جانے والی سبسڈی جاری رہے گی۔

اس سے قبل بعض میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کے تحت غیر ہدف شدہ بجلی سبسڈی ختم کی جا سکتی ہے، تاہم حکومتی سطح پر ان خبروں کی تردید کر دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق اس وقت کم استعمال کرنے والے صارفین کو ماہانہ بنیادوں پر ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے، جس کے باعث ان کے بل نسبتاً کم رہتے ہیں۔

دوسری جانب ملک بھر میں ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی جانب سے میٹرز کی جانچ کا عمل بھی جاری ہے تاکہ سبسڈی کے غلط استعمال کو روکا جا سکے۔ حکام کے مطابق یہ اقدامات صرف نگرانی اور شفافیت کے لیے ہیں۔

وزارت نے واضح کیا ہے کہ کیو آر کوڈز اور دیگر تکنیکی اقدامات صرف بلنگ اور ڈیٹا کی تصدیق کے لیے ہیں، ان کا سبسڈی پالیسی میں کسی تبدیلی سے کوئی تعلق نہیں۔

Leave a reply