ڈیجیٹل سسٹمز میں سائبر حملے کا خدشہ، گوگل نے وارننگ جاری کر دی

ٹیکنالوجی کمپنی گوگل اور سائبر سیکیورٹی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ 2029 تک دنیا کو ایک بڑے ڈیجیٹل خطرے کا سامنا ہو سکتا ہے، جسے “کیو ڈے (Q-Day)” کا نام دیا گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ وہ وقت ہوگا جب کوانٹم کمپیوٹرز اتنے جدید اور طاقتور ہو جائیں گے کہ وہ موجودہ انکرپشن اور پاس ورڈ سسٹمز کو بہت کم وقت میں توڑ سکیں گے، جس سے عالمی سطح پر سائبر سیکیورٹی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔
رپورٹس کے مطابق یہ ٹیکنالوجی موجودہ ڈیجیٹل تحفظی نظاموں کو ناکام بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے، جس کے باعث بینکنگ سسٹمز، آن لائن مالیاتی لین دین اور دیگر حساس ڈیٹا سسٹمز متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ماہرین نے یہ بھی خبردار کیا ہے کہ ہیکرز آج جو ڈیٹا حاصل کر رہے ہیں، اسے مستقبل میں کوانٹم کمپیوٹنگ کے ذریعے ڈی کوڈ کیا جا سکتا ہے، جس سے پرانی معلومات بھی غیر محفوظ ہو سکتی ہیں۔
اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو عالمی بینکنگ سسٹم، ڈیجیٹل کرنسیز، کرپٹو والٹس، سوشل میڈیا اکاؤنٹس، ای میلز اور سرکاری ڈیٹا بیسز سب سے زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں۔
اس خطرے کے پیشِ نظر دنیا بھر میں نئی اور جدید سیکیورٹی ٹیکنالوجیز پر کام تیز کر دیا گیا ہے، جبکہ ماہرین حکومتوں اور بڑی ٹیک کمپنیوں کو مشورہ دے رہے ہیں کہ وہ ابھی سے اپنے سسٹمز کو اپ گریڈ کریں تاکہ ممکنہ ڈیجیٹل خطرات سے بچا جا سکے۔















