پاکستانی حجاج کی رہنمائی اور سہولت کیلئے امدادی ہیلپ لائن سروس متعارف

0
4

اسلام آباد: وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے عازمینِ حج کی سہولت اور رہنمائی کے لیے اہم امدادی اور ہیلپ لائن نمبرز جاری کر دیے ہیں۔

وزارت کی جانب سے حاجیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ دورانِ حج کسی بھی ہنگامی صورتحال، رہنمائی یا ضروری معلومات کے لیے متعلقہ نمبرز اپنے پاس محفوظ رکھیں تاکہ بروقت مدد حاصل کی جا سکے۔

جاری کردہ تفصیلات کے مطابق 1966 نمبر حاجی کیئر سینٹر کے لیے مختص کیا گیا ہے، جہاں عازمین حج سے متعلق معلومات، رہنمائی اور مختلف سوالات کے جوابات حاصل کر سکیں گے۔

اسی طرح ہنگامی حالات کے لیے 911 ایمرجنسی اور سیکیورٹی خدمات، 999 پولیس، 997 ایمبولینس، 998 سول ڈیفنس، 996 روڈ سیکیورٹی جبکہ 937 صحت سے متعلق معلومات اور مدد کے لیے دستیاب ہوگا۔

وزارتِ مذہبی امور کے مطابق دینی رہنمائی اور فتووں کے لیے بھی خصوصی سہولت فراہم کی گئی ہے، جس کے تحت 8002451000 نمبر پر 16 زبانوں میں علماء سے مشاورت اور دینی معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔

وزارت نے عازمینِ حج پر زور دیا ہے کہ وہ عبادات اطمینان اور نظم و ضبط کے ساتھ ادا کریں اور کسی بھی دشواری یا ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ہیلپ لائن سروسز سے رابطہ کریں۔

حکام کے مطابق حج کے دوران عازمین کی سہولت، حفاظت اور بروقت معاونت یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری انتظامات کیے گئے ہیں۔

Leave a reply