معاذ صداقت کی دو میچوں میں دو نصف سنچریاں، پاکستان ٹی 20 انٹرنیشنل میں نئے ریکارڈ تک پہنچ گیا

0
4

قومی کرکٹ ٹیم کے سٹار بلے باز معاذ صادقت نے سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 51 گیندوں پر 96 رنز بنا کر قومی ٹیم کو ریکارڈ ساز اسکور تک پہنچا دیا۔ وہ اپنی پہلی بین الاقوامی سنچری سے محض 4 رنز کی دوری پر رہ گئے۔
راولپنڈی میں اتوار کو کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 3 وکٹوں کے نقصان پر 215 رنز بنائے، جو پاکستان کا اپنی سرزمین پر ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں اب تک کا سب سے بڑا اسکور ہے۔ اس سے قبل پاکستان نے 2021 میں کراچی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 3 وکٹوں پر 208 رنز بنائے تھے۔
معاذ صادقت نے اپنی اننگز میں 6 چوکے اور 7 چھکے لگائے۔ ان کے علاوہ کپتان صاحبزادہ فرحان نے 44 گیندوں پر 73 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ دونوں بلے بازوں نے دوسری وکٹ کے لیے 88 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی۔
معاذ صادقت کا یہ دوسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ تھا۔ انہوں نے پہلے میچ میں بھی نصف سنچری بنائی تھی۔ دوسرے میچ میں 7 چھکے لگا کر وہ ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والے پاکستانی بلے بازوں کے قومی ریکارڈ کے برابر آگئے ہیں۔
پاکستان کے 216 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 133 رنز بنا سکی۔ پاکستان کی جانب سے فاسٹ بولر محمد عمران نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 اوورز میں صرف 11 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔
اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔ سیریز کا تیسرا اور آخری میچ منگل کو کھیلا جائے گا۔

Leave a reply